Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

انٹر کالج چٹورکھنڈ میں‌سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب

Posted on
شیئر کریں:

اشکومن(کریم رانجھا) ؔ حکومتی دعوؤں کے مطابق کام نہیں ہورہا،اداروں کو بہتر بنانے کے لئے عوام آواز اٹھائیں،سدا بہار اپوزیشن ممبر ہوں ،عوام کے مسائل ایوان تک پہنچانے کی ذمہ داری نبھا تا رہوں گا،طلبہ اپنی صلاحیتیں کوالٹی ایجوکیشن پر لگائیں،آنے ولا وقت میرٹ کا ہے،سفارش کام نہیں آئے گی۔ان خیالات کا اظہار ممبر قانون ساز اسمبلی ضلع غذر حلقہ 1نواز خان ناجی نے انٹر کالج چٹورکھنڈ میں منعقدہ سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ طلبہ وطالبات کو جدید طریقہ ہائے تدریس سے روشناس کرنے کی ضرورت ہے ،گزشتہ ادوار میں صرف گریجویٹ اور ماسٹر ڈگری ہولڈرز پیدا کئے گئے جن کا آج کے دور میں کوئی مصرف نہیں ،وہی ڈگری ہولڈرز آج فائل بغلوں میں دبائے گریڈ ایک اور دو کی نوکریوں کے لئے دربدر ہورہے ہیں ۔آنے والا وقت سخت مقابلے کا ہے ،رشوت اور سفارش کلچر کا خاتمہ ہونے جارہا ہے لہذٰا نئی نسل جدید علوم میں مہارت پیدا کرکے ہی معاشرے کے کار آمد شہری بن سکتے ہیں،کالج کے مسائل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمارت کی تعمیر کاکام جاری ہے اور بروقت مکمل ہوگا،کالج کے لئے آپریشنل گرانٹ کی منظوری مل چکی ہے نئے مالی سال میں فنڈ جاری کیا جائے گا۔قبل ازیں پرنسپل انٹر کالج چٹورکھنڈ پروفیسر انور ناصر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کالج کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔کالج کے مسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ بارہ سالوں سے کالج کسی مسیحا کی منتظر ہے،طلبہ شدید مشکلات میں سلسلہ تعلیم جاری رکھنے پر مجبور ہیں ،گزشتہ بارہ سالوں سے کالج کے اساتذہ مستقل نہ ہوسکے ،کالج کی عمارت نامکمل ہے،صرف تین کلاس رومز سے کام چلایا جارہا ہے،وزیر اعلیٰ کی مہربانی سے حال ہی میں ایک بس ملی ہے لیکن دور دراز سے آنے والے طلبہ وطالبات کے لئے ناکافی ہے،مذکورہ بس بارجنگل تک کے طلبہ وطالبات کو کالج پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دے رہی ہے جبکہ ہاسس سے ،فمانی اور برگل سے آنے والے طلبہ وطالبات پیدل آنے پر مجبور ہیں ،کالج کی پرانی بس کھٹارہ ہوچکی ہے اور اس کی مرمت کمیونٹی کی مدد سے کی جاتی رہی ہے اب اس کے لئے آپریشنل فنڈ کی ضرورت ہے۔پرنسپل نے مزید کہا کہ نامساعد حالات میں بھی کالج کے طلبہ نے انٹر کالجز مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے ،کالج کی طالبہ سیدہ نوین نے تقریری مقابلے میں گلگت بلتستان سطح پر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی جبکہ مضمون نویسی میں کالج کے طالبعلم ساجد نے نمایاں پوزیشن لی ہے،اس کے علاوہ کالج نے ایک ہفتے کا سپورٹس ویک کا بھی اہتمام کیا تھا جو کامیابی کے ساتھ انجام کو پہنچا۔تقریب کے دوران تعلیمی سال 2017.18کے دوران نصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ وطالبات میں انعامات اور میڈلز تقسیم کئے گئے اس موقع پر مہمان خصوصی نے طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی کے طور پر بیس ہزار روپے کا چیک پیش کیا۔تقریب سے پرنسپل ہاتون کالج جمعہ گل ،سید افسر جان اور ہیڈ ماسٹر ہائی سکول پکورہ کریم خان نے بھی خطاب کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستانTagged
8904