Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا اور برٹش کونسل کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) محکمہ بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا اور برٹش کونسل کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب پشاور میں منعقد ہوئی جس میں سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان اور ڈپٹی ڈائیریکٹر برٹش کونسل جیمز ہمپسن نے دستخط کیے ۔ ایم او یو کے تحت برٹش کونسل خیبرپختونخوا میں مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کے لیے لیڈر شپ تربیتی پروگرام اورسوشل انٹر پرائیز ڈیویلپمنٹ پروگرام شامل ہیں۔ تقریب میں ممبر ان صوبائی اسمبلی معراج ہمایون ، راشدہ ظفر ، ضلعی ناظمین حاجی رسول خان ، ڈاکٹر عبید اللہ ،احمد علی شاہ ،ڈپٹی کمشنر بونیر ظریف المعانی ، ڈپٹی کمشنر ز چترال ، اپر دیر اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس اہم پراجیکٹس پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر ملاکنڈ ڈویژن کے مقامی حکومتوں کے تین ہزار منتخب افراد اور ایک ہزار کاروباری حضرات کو تربیتی ورکشاپس کے ذریعے ٹرینیگ دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ چترال ، دیر اپر ، دیر لوئیر ، سوات ، بونیر اور ملاکنڈ میں مقامی سطح پر کام کرنے کی صلاحیت موجود ہے ان پروگرامز کے تحت مقامی معیشت کو فروغ دے کر بے روزگاری پر قابو پایا جاسکتا ہے اور ملاکنڈ ڈویژن کے ان اضلاع کی ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی جامع منصوبہ پر عمل درآمد یقینی ہوسکے گا ۔انہوں نے کہاکہ ان پراجیکٹس کے ذریعے مقامی صنعتوں کو ترقی دیں گے اور مقامی ہنرمندوں کو تربیت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ان پراجیکٹس کی تکمیل سے ان اضلاع کی پسماندگی میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوگی اور علاقے کے لوگ ترقی کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو بتدریج دوسرے اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے مزید کہا کہ2013 کے بلدیاتی ایکٹ کے تحت صوبے میں ایک انقلابی بلدیاتی نظام متعارف کرایا گیا جس میں اختیارات اور فنڈز حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کیے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ برٹش کونسل کے پروگرام کے تحت ان مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرامات ترتیب دیے گئے ہیں جس سے وہ اپنے خدمات بہتر طریقے سے انجام دے پائیں گے ۔ سینئر وزیر نے ضلعی ناظمین ، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اس میں تعاون کریں۔


شیئر کریں: