Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

علاقے سے منشیات کا قلع قمع کئے بغیر ترقی ممکن نہیں… نواز خان ناجی ممبر قانون ساز اسمبلی غذر

Posted on
شیئر کریں:

اشکومن(کریم رانجھا) ؔ علاقے سے منشیات کا قلع قمع کئے بغیر ترقی ممکن نہیں،بعض سماج دشمن عناصر وخی قوم کو منشیات میں مبتلا کر کے ان کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں،سستی دکھائی تو نئی نسل ہمیں معاف نہیں کرے گی،معاشرے میں موجود کالی بھیڑوں کے ساتھ دو دو ہاتھ کرنے کاوقت آگیا ہے،اپوزیشن میں رہ کر حکومتوں کو جھنجھوڑتا رہوں گا،تیرہ کروڑ روپے کی لاگت سے ایمت ،بلہنز ٹرک ایبل روڑ اور تین آر سی سی پل جلد تعمیر کئے جائیں گے، برصوات تا مترم دان بیس کلومیٹر سڑک ،بلہنز میں فٹ بال گراؤنڈ جلد تعمیر کئے جائیں گے جس سے عوام کی مشکلات میں کمی آئے گی ۔ان خیالات کا اظہار ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ 1غذر نواز خان ناجی نے بلہنز میں ’’اشکومن وخی ویلفئیر آرگنائزیشن ‘‘ کے زیر اہتمام منعقدہ ٹورنامنٹ کے اختتامی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ بحثیت عوامی نمائندہ حلقے کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہوں لیکن گزشتہ چالیس سالوں کی پسماندگی کا فوری خاتمہ ممکن نہیں ۔اس وقت دیگر حلقوں کی بہ نسبت غذر حلقہ 1میں بہترترقیاتی کام ہو رہے ہیں ،عوام کو مایوس نہیں ہونا چاہئے۔مجاور آر سی سی پل اور ایمت تا بلہنز ٹرک ایبل روڈ کا ٹینڈر اپریل میں ہوگا اور مئی میں ان منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا جائے گا۔70لاکھ روپے کی لاگت سے مترم دان تا بوق روڈ کا ٹینڈر بھی جلد ہے ہونے والا ہے بورتھ کے مقام پر ڈسپنسری کی تعمیر ،بلہنز ڈسپنسری کی اپ گریڈیشن سمیت ایمت اے کلاس ڈسپنسری کو دس بستروں پر مشتمل ہسپتال کا درجہ دینا میرے ترجیحات میں شامل ہیں۔نوجوانوں کو صحتمند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے بلہنز کے مقام پر فٹ بال گراؤنڈ اسی سال تعمیر کیا جائے گانیز ایک پولو گراؤنڈ کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے۔علاقے میں کمیونیکیشن کی فراہمی کے لئے ایس سی او کے حکام سے بات چیت کر کے ٹاور کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔دوار داس اور بازار کھوٹو کو آر سی سی پلوں کے ذریعے مین روڈ کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔قبل ازیں عوام علاقہ کی جانب سے پیش کردہ سپاسنامے میں ایس کام ٹاور کی تنصیب اور فٹ بال گراؤنڈ کی تعمیر کا مطالبہ پیش کیا گیا۔ٹورنامنٹ کے فائنل میں تشنلوٹ اور خشکہ بلہنز کے فٹ بال ٹیموں کے مابین کانٹے دار مقابلہ ہوااور فیصلہ پینلٹی کے ذریعے ہوا،تشنلوٹ کی ٹیم نے تین کے مقابلے میں چار گول کرکے خشکہ بلہنز کی ٹیم کو شکست دے دی،کرکٹ کے مقابلے میں بورتھ کی ٹیم نے بد صوات کلب کو پانچ رنز سے شکست دی،والی بال کے فائنل میں سنٹرل ایشیاء سکول گنج آباد نے 6برادرز بلہنز کو 2/3سے مات دی۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے ٹرافیاں تقسیم کیں اور تنظیم کے لئے 15000روپے دینے کا اعلان کیا۔
nawaz naji khan Ghazur

nawaz naji khan Ghazur3


شیئر کریں: