Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یوم پاکستان کے سلسلے میں چترال سکاوٹس گراونڈ میں پررونق تقریب، انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کی بھر پور شرکت

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) یوم پاکستان کے سلسلے میں چترال میں سب سے بڑی تقریب چترال سکاوٹس کے گراونڈ میں منعقدہوئی جس کا انتظام چترال سکاوٹس اور سول انتظامیہ نے مشترکہ طور پر کیا تھااور جس میں مقامی سکول اور کالجوں سے بچوں اور بچیوں نے تقاریر،خاکوں اور ملی نغموں کے ذریعے اس دن کی اہمیت اجاگر کی اور پیراگلائیڈنگ ، پولو اور جمناسٹک شو بھی پیش کئے گئے جبکہ تقریب میں سول سوسائٹی کے افراد اور معززیں شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ چترال سے قومی اسمبلی کے رکن شہزادہ افتخارالدین، ضلع ناظم مغفرت شاہ، ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر، ڈی پی او چترال منصور امان اور ایم پی اے سلیم خان نے تقریب میں شرکت کی اور دن کی مناسبت سے اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا۔ اس سے قبل اسامہ شہید پارک سے چھاونی گراونڈ تک نوجوانوں کے د درمیاں میراتھن ریس ہوا اور اسامہ شہید پارک میں قومی پرچم لہرایا گیا اور مختلف سکولوں اور کالجوں سے بچے اور بچیاں قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے گراونڈ پہنچ گئے۔ اس دن کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ایم این اے شہزادہ افتخارالدین نے قوموں کی زندگی میں آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اوربرصغیر پاک وہند میں مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کی تاریخ بیان کی اور کہاکہ قرارداد پاکستان نے مسلمانوں کی منزل کو واضح اورمتعین کیا۔ انہوں نے چترال میں حال ہی میں میگاپراجیکٹوں کی تکمیل کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ لواری ٹنل اور گولین گول بجلی گھر کی تکمیل سے چترال میں اس حوالے سے سیاست کرنے کا باب ختم ہوگیا۔ انہوں نے طلباوطالبات کو اپنی تعلیم پر توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ ترقی تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ ایم پی اے سلیم خان نے کہاکہ ہم اپنے ملک پر نثار ہونے کے لئے ہمہ تن تیار ہیں کیونکہ ہماری بقا اور تحفظ ہی اس ملک کے ساتھ وابستہ ہے۔ ضلع ناظم مغفرت شاہ نے کہاکہ 23مارچ ہرسال تجدید عہد کادن ہے اور ہمیں دعوت فکر دیتی ہے کہ 78سال پہلے ہمارے آباواجداد نے لاہور کے مقام پر مسلمانوں کے لئے ایک الگ مملکت کا باضابطہ مطالبہ کردیا تھا اور آج ہمیں چاہئے کہ ہم یہ جائزہ لیں جس تصویر کا خاکہ انہوں نے بنایا تھاہم اس میں کتنا بھر سکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ریاست مدینہ کی طرح کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والی مملکت ہے جہاں ہم اسلامی نظام کو اس کے اصل حالت میں نافذ کرکے دنیاکو سبق دے سکتے ہیں۔ چترال ٹاسک فورس اور چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل معین الدین نے کہاکہ 23مارچ 1940ء کو برصغیر کے مسلمانوں نے جو خواب دیکھا تھا، وہ 14اگست 1947ء کو شرمندہ تعبیر ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم یہ عہد کرلیں کہ آزادی کے چراغ کو روشن رکھنے کے لئے ہمیں جو بھی کردار اداکرنا پڑے ، اس کردار کو جذبے اور خوش اسلوبی سے نبھائیں۔ انہوں نے کہاکہ اس چمن کی ابیاری میں چترال کا بھی بھر پور کردار رہا ہے جوکہ اپنی منفرد ثقافت ، جعرافیائی پوزیشن کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے اور پاک فوج ، ضلعی انتظامیہ اور دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر اس کی ترقی اور حفاظت میں مصروف عمل ہے۔ کرنل معین الدین نے کہاکہ اللہ کے فضل وکرم سے آج ہم وطن عزیز کو درپیش ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں جس کے لئے پوری قوم اپنے مسلح افواج کے ساتھ ہے ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر، ایم این اے ، ڈی پی او اور سلیم خان نے تقریب میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب کے شرکاء نے جمناسٹک شو میں بہت ہی دلچسپی کا مظاہر ہ کیا جس کی ٹیم کو مردان اور پشاور سے اس موقع کے لئے لایاگیا تھا۔چترال کے پیراگلائڈر ز نے قومی پرچم کے ساتھ بہترین پیراگلائڈنگ کا مظاہر ہ کیا۔ پولو میچ میں چترال سکاوٹس کی ٹیم نے چترال ٹیم کو ایک گول سے شکست دے دی۔ اس تقریب کے اہتمام میں سپورٹس اینڈ کلچر افسر عبدالرحمت نے بھی کردار ادا کیا جسے خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔ تقریب میں کالاش بچوں اور بچیوں نے بھی ملی نغمے پیش کئے جوکہ توجہ کا مرکز رہے۔ اسسٹنٹ کمشنر چترال ساجد نواز نے تقریب کے انتظامات میں پیش پیش رہے۔ اے وی ڈی پی کی طرف سے کمانڈنٹ ، ڈی سی، ڈی پی او اور اے سی چترال کو خصوصی شیلڈ بھی دئیے گئے۔ پروگرام میں طلبا و طالبات نے یوم آزادی کے حوالے سے مختلف ٹیبلو اور خاکے پیش کیا ۔جس کو حاضرین نے سراہا۔ اس موقع پر چھاونی گراونڈ میں مختلف اشیاء کی اسٹال بھی لگائے گئے تھے جن میں حاضریں نے خاص دلچسپی کا مظاہر ہ کیا۔

Pakistan day program chitral 5 Pakistan day program chitral 4 Pakistan day program chitral 3 Pakistan day program chitral 2 Pakistan day program chitral 1

23 march programs chitral 7

23 march programs chitral 3
23 march programs chitral 6

23 march programs chitral 10

pakistan day programs in Chitral223

pakistan day programs in Chitral22

pakistan day programs in Chitral2

pakistan day programs in Chitral


شیئر کریں: