Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں کٹ گاڑیوں کیخلاف کاروائی سے پہلے اصل ذمہ داروں کو پکڑے۔۔مولانا چترالی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )چترال سے جماعت اسلامی و متحدہ مجلس عمل کے نامزد امید وار برائے قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی نے جمعیت اتحاد العلما ء خیبر پختونخوا کے دفتر حدیقۃ العلوم المرکز الاسلامی پشاورسے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملا کنڈ ڈویژن بالخصوص چترال میں کٹ گاڑیوں کیخلاف کاروائی سے پہلے، حکومت اصل ذمہ داروں کو پکڑے کہ کٹ گاڑیاں کہاں بنیں؟ مارکیٹ میں کیسے پہنچیں ؟ اور اس سب کچھ کے پیچھے اصل ہاتھ کس کا ہے جس پر ابھی تک ہاتھ نہیں ڈالا گیا؟ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے کٹ گاڑیوں کے خلاف کاروائی کا شوشہ چھوڑ رہی ہے جبکہ غریب اور مزدور طبقہ کے افراد نے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے اور حلال رزق کمانے کیلئے اپنی جمع پونجی اور زمینیں فروخت کر کے گاڑیاں خریدی ہیں اور اب ان کے خلاف کاروائی برائے سرکار ضبطگی کا مطلب یہ ہے کہ ہزاروں خاندانوں سے روزگار چھین لیا جائے اور ہزاروں خاندانوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کر دیا جائے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تما م کٹ گاڑیوں کی بلا تاخیر رجسٹریشن کرے ورنہ بصورت دیگر امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو گا اور نوجوان طبقہ بے روزگار ہو کر غیر اخلاقی اور غیر قانونی سرگرمیوں کا حصہ بنے گا جو اسلام اور پاکستان کیلئے نیک شگون ہر گز نہیں ہو سکتا ۔


شیئر کریں: