Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بروز میں جاری دھرنا ضلع ناظم اور انتظامیہ کی طرف سے یقین دہانی کے بعد ختم کردیا گیا۔

Posted on
شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) گزشتہ پانچ دنوں سے بروز، ایون، گہیریت ،سید آباد اور کیسو کے عوام کا بروز کے گولدور کے مقام پر جاری احتجاجی دھرنا ضلع ناظم اور ڈپٹی کمشنر چترال کی طرف سے یقین دہانی اور پیسکو کی طرف سے اس اعلان کے بعد احتتام پذیر ہو اکہ گولین گول بجلی گھر سے ان دیہات کو بجلی کی فراہمی ایک ہفتے کے اندر اندر شروع کردی جائے گی ۔ جمعرات کے روز دھرنے کے مقام پر ہزاروں کی تعداد میں موجود احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم مغفرت شاہ نے کہاکہ پیسکو حکام کے ساتھ مسلسل رابطے کے بعد ان کی ان علاقوں میں موجود ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے بجلی کی فراہمی پر رضامند کرالیاگیا ہے جس میں ڈی سی نے کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی کی دوصورتیں ہیں جس کی پہلی صورت میں بجلی کو جوٹی لشٹ گرڈ اسٹیشن سے ٹرانسمیشن لائن کے مالک حاجی محمدخان کے ذریعے دی جائے گی جبکہ دوسری صورت میں ان تمام گھروں میں پیسکو خود میٹر لگاکر خود بجلی کی فراہمی کا نظام اپنے ہاتھوں لے گی اور پرائیویٹ پارٹی کو لائن رینٹ اد ا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ان دو صورتوں میں کسی ایک پر فیصلے اور دوسرے تکنیکی امور کے بارے میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس سے قبل مولانا عبدالاکبر چترالی نے مسئلے کو حل کرنے پر ضلع ناظم، ڈی سی اور ڈی پی او کا شکریہ اد اکیا ۔ انہوں نے کہاکہ دس دن کے اندر اندر مسئلے کو حل نہ کرنے پر ا ن دیہات کے عوام دوبارہ میدان میں آنے پرمجبور ہوں گے۔ ڈی سی چترال نے کہاکہ چترال کے عوام شرافت اور امن پسندی میں اپنی مثال آپ ہیں اور وہ اپنا حق منوانے کا طریقہ بھی جانتے ہیں جوکہ امن کا راستہ اختیار کرکے اپنا مطالبہ منواتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے چترال میں گزشتہ چھ مہینوں کے دوران معلوم کیاکہ چترال کے لوگ کتنے باشعور اور امن پسند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے بروز سمیت ان علاقوں کی بجلی کا کیس وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چترال کے دوران ان کو دی گئی بریفنگ میں بھی کیا تھا۔ بعدازاں دھرنے کے شرکاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
Broze protest ended chitral


شیئر کریں: