Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی حکومت74میگا واٹ کے ہائیڈ ل منصوبوں کے ساتھ پاور پرچیسز ایگریمنٹ میں تاخیر کررہی ہے..عاطف

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ )‌صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملکی تیل و گیس بند کرکے ایل ۔ این ۔ جی کی درآمد کو فروغ دے رہی ہے جسکی وجہ سے ایک مہینے میں پاکستان کو 5ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2017میں خیبر پختونخوا کے تیل و گیس کی پیداوار کو جان بوجھ کر کم کیا گیا تاکہ ایل ۔ این۔ جی کو درآمد کیا جائے۔ وہ پشاور میں محکمہ انرجی اینڈ پاور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اس موقع پر سیکرٹری انرجی اینڈ پاور شکیل قادر، ایڈیشنل سیکرٹری آصف خان، چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے پی او جی سی ایل، رضی الدین ، چیف پلاننگ آفیسر زین اللہ شاہ اور دیگر موجود تھے۔ صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تیل و گیس میں کمی کی وجہ سے خیبر پختونخوا کو مہینے کے 60کروڑ روپے سے زائد کی رائلٹی کا نقصان ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف رائلٹی کی مد میں حاصل شدہ رقم کو عوام کے فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاتا ہے تو دوسری طرف عوام کو روزگار کے نئے مواقع بھی مل جاتے ہیں اور ملکی زر مبادلہ کو باہر بھیجنے کی ضرور ت بھی نہیں ہوتی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسی طرح پیسکو کی جانب سے صوبائی حکومت کی طرف سے مکمل شدہ پراجیکٹ دراڑ خوڑ میں پینل کی انسٹالیشن میں تاخیر کی وجہ سے خیبر پختونخوا کو روزانہ کی بنیاد پر 32لاکھ روپے اور ماہانہ 10کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے منصوبے بروقت مکمل کرتے ہیں تاکہ عوام کو سہولیات دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہواور لوڈ شیڈنک میں کمی کیساتھ ساتھ ملکی زرمبادلہ کو بڑھایا جاسکے۔ مگر وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ ناروا سلوک کررہی ہے اور ہمارے مکمل شدہ 74میگا واٹ کے ہائیڈ ل منصوبوں کے ساتھ پاور پرچیسز ایگریمنٹ میں تاخیر کررہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہائیڈل منصوبوں کیساتھ ساتھ ہم نے بہترین عوامی مفاد اور ضروریا ت کو پیش نظر رکھتے ہوئے سولر پراجیکٹس بھی شروع کررکھے ہیں جن میں فیز IIکے تحت 100گاؤں میں سولر پراجیکٹ عنقریب مکمل کردیا جائیگا۔ اسی طرح چار ہزار مساجد پراجیکٹ کا ٹینڈر بھی اپریل کے پہلے ہفتے میں ایوارڈ کر دیا جائیگااور نمازیوں کو بغیر لوڈ شیڈنگ کے بجلی کی سہولیات میسر ہوگی۔اسی طرح دوسرے پراجیکٹ کے تحت 8ہزار سکولوں اور 187بیسک ہیلتھ یونٹس کو سولرائز کیا جارہا ہے وہ پراجیکٹ بھی اپریل کے پہلے ہفتے میں ایوارڈ کردیا جائیگاجس کے ذریعے صحت اور تعلیم کے بنیادی شعبوں کو سولرائز کردیا جائیگا۔ محمد عاطف خان نے کہا 356چھوٹے پن بجلی گھروں کے پراجیکٹ پر بھی کام تیزی سے جاری ہے اور وہ پراجیکٹ بھی جون سے پہلے پہلے مکمل کردیا جائیگا۔ جبکہ مکمل شدہ 300پلانٹس کی ایفی شنسی ٹسٹنگ کا عمل بھی جاری ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے ہائیڈل منصوبے نہ صرف کلین اینڈ گرین انرجی ہے بلکہ اسکی قیمت بھی بجلی پیداکرنے والے دوسرے ذرائعوں سے بہت کم ہے تاہم وفاق کو ہائیڈل منصوبے اپنے ترجیحات میں شامل کرنے چاہیے کیونکہ ہمارے دوسرے منصوبے بھی بہت جلد مکمل ہورہے ہیں ۔


شیئر کریں: