Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بونی سے تعلق رکھنے والے ساٹھ خاندانوں کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

شیئر کریں:

بونی ( چترال ٹائمز رپورٹ)اپر چترال کے علاقہ بونی گول سے تعلق رکھنے والے 60خاندانوں کے سینکڑوں افراد پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام بونی میں شمولیتی جلسہ منعقد ہوا جلسے سے تحریک انصاف کے ضلعی صدر عبد الطیف ،نائب صدر شہزادہ امان الرحمان ،جنرل سیکرٹری اسرار الدین ،اپر چترال کے صدر آفتاب احمد طاہر،جنرل سیکرٹری اپر چترال علاؤ الدین عرفی ،خاتون ممبر ڈسٹرکٹ کونسل صفت گل اور خاتون رکن تحصیل کونسل سفینہ بی بی کے علاوہ ساٹھ خاندانوں کی سربراہی کرنے والے سماجی اور سیاسی شخصیت دیدار علی میر نے بھی جلسہ سے خطاب کیا ۔ جلسے میں خواتین کی بھاری تعداد نے بھی شرکت کی اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دیدار علی میر نے کہا کہ بونی گول کے ساٹھ خاندانوں کا تعلق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سے تھا ہم نے پاکستان تحریک انصاف کی پانچ سالہ کارکردگی اور پالیسیوں سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں میرٹ کی بالادستی اور اداروں کو فعال کرنے کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس کی نظیر ستر سالوں میں نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھر پور انداز میں پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر کامیاب کریں گے ۔

اس موقع پر ضلعی صدر عبد الطیف سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے چترال کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے چترال سے منتخب عوامی نمائندوں کا تعلق دوسری جماعتوں سے ہونے کے باوجود چترال میں کئی ایسے منصوبے شروع کئے اور مکمل کئے ہیں جس سے چترال میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ شفاف اور میرٹ کی بالا دستی قائم کر کے ہزاروں کی تعداد میں سرکاری نوکریاں دی گئیں ۔چترالی عوام کا درینہ مطالبہ چترال میں یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایاگیا ہے ۔بجلی کے کئی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی حاضری سمیت تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقداماتکے باعث عوام کا سرکاری اسکولوں پر اعتماد بڑھ رہا ہے ‘ سرکاری اداروں میں مانیٹرنگ کی وجہ سے ان ادروں کی فعالیت میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کریڈٹ لینے کی سیاست نہیں کرتے بلکہ خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان سیاست میں آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس کے اثرات سامنے آرہے ہیں ۔عمران خان کی وجہ سے آج ایک وزیراعظم کو کرپشن کی بنیاد پر نکالا گیا ہے ۔پی ٹی آئی میں کرپشن اور کرپٹ لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اسی وجہ سے لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں ۔

PTI Booni pic2


شیئر کریں: