Chitral Times

Sep 23, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عالمی برادری اور اقوام متحدہ شامی مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لیں۔۔مشتاق احمد خان

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ )امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ شام میں قتل عام انسانی المیہ ہے، روسی طیارے شامی حکومت کی سرپرستی میں مشرقی الغوطہ اور دوسرے شہروں میں بدترین بمباری کے ذریعے معصوم لوگوں خصوصاً چھوٹے بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ شامی مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لیں اور روسی  بمباری بند کرنے کے لئے دباؤ ڈالیں، مسلمان حکمران امریکہ اور یورپ کی غلامی ترک کریں اور امت کے مشترکہ مسائل کے حل کے لئے مل بیٹھیں، شام کے مسئلے پر او آئی سی کا اجلاس بلا یا جائے اور روس کو شامی علاقوں پر بمباری سے روکنے کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے۔ بے غیرت حکمرانوں کی وجہ سے امت تقسیم در تقسیم اور خانہ جنگیوں کی شکار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن چوک صوابی میں جے آئی یوتھ صوابی کے زیر اہتمام شام میں مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے منعقدہ تصویری نمائش کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے آئی یوتھ ضلع صوابی کے صدرسید ظفر علی شاہ بخاری اور دیگر ذمہ داران بھی شریک تھے۔ شامی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے دیر لوئر میں بھی احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت ضلعی امیر مولانا اسد اللہ نے کی۔ مظاہرے کا آغاز جامعہ احیاء العلوم بلامبٹ سے ہوا اور تیمر گرہ چوک میں جلسے میں تبدیل ہوا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مقررین نے شامی علاقوں پر روسی بمباری کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مسئلے کے حل کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ صوابی میں تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے امیر صوبہ مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ نہتے شہریوں اور بچوں پر وحشیانہ بمباری بزدلوں کا کام ہے۔ اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی قرارداد کے باجود روسی فضائیہ کی بمباری اور معصوم بچوں اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا بدترین بربریت ہے۔ روسی بمباری میں مشرقی غوطہ شہر کے سینکڑوں بے گناہ افراد شہید ہوگئے ہیں جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عرصہ سے عالمی درندوں روس ، امریکہ ، یورپ اورعالمی سامراجی طاقتوں نے شام اور دیگر مسلم ممالک کے معصوموں کو اپنی شکار گاہ بنارکھا ہے۔ اپنے اپنے مفادات کو آگے بڑھانے اور توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کے لئے بے گناہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور عالم اسلامی کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ شام میں جاری روسی بربریت کا نوٹس لیں اور شام کے مسئلے پر فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلائیں۔مسلم حکمران شام میں جنگ بندی کی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے روس پر دباؤ ڈالیں۔

syria23

syria2

syria


شیئر کریں: