Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی ایم ایس گروپ کے چھ افسران کی اگلے گریڈوں پر ترقی کے احکامات جاری

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) حکومت خیبر پختونخو ا نے صوبائی سلیکشن بورڈ کی سفارشات پر پی ایم ایس گروپ کے پانچ افسران جو کہ گریڈ 19 میں عارضی بنیادوں پر کام کر رہے تھے کو فوری طورپر مستقل بنیادوں پر گریڈ 19 میں ترقی دیدی ہے۔ ترقی پانے والے افسران میں ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا شریف حسین ، ڈپٹی کمشنر کوہستان پائیں خدا بخش، ایڈیشنل سیکرٹری (HRD ) اسٹبلیشمنٹ ڈیپارٹمنٹ مسز روبین حیدر بخاری، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ کلیم اللہ خان اور ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صحت زبیر احمد شامل ہیں۔ ترقی پانے والے افسران عرصہ ایک سال تک آزمائشی بنیادوں پر کام کریں گے ترقی ملنے کے بعد مذکورہ افسران کو عوامی مفاد میں تاحکم ثانی موجودہ عہدوں پر کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ دریں اثناء حکومت خیبر پختونخوا نے فوری طورپر صوبائی سلیکشن بورڈ کی سفارشات پر پی ایم ایس گروپ کے تین افسران کو عارضی بنیادوں پر گریڈ18 سے گریڈ19 میں ترقی دیدی ہے۔ ترقی پانے والے افسران میں ضیاء الرحمان، سید ظفر علی شاہ اور تاشفین حیدر شامل ہیں مذکورہ افسران کے تبادلوں و تعیناتیوں کے احکامات علیحدہ جاری کئے جائیں گے۔ ان امور کا اعلان اسٹبلیشمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کئے گئے دو الگ الگ اعلامیوں میں کیا گیا۔

دریں اثنا حکومت خیبر پختونحوا نے فوری طورپر صوبائی سلیکشن بورڈ کی سفارشات پرپی سی ایس آفیسر (ایگزیکٹیوگروپ) ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف احمد خان کو مستقل بنیادوں پر گریڈ 18 سے گریڈ19 میں ترقی دیدی ہے۔ مذکورہ آفیسر کو ترقی ملنے کے بعد تاحکم ثانی بحیثیت ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ تک آزمائشی بنیادوں پر کام کریں گے۔ اس امر کا اعلان اسٹبلیشمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کئے گئے ایک اعلامیے میں کیا گیا۔


شیئر کریں: