Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اشکومن میں رسم پھتک اور تخم ریزی ، سابق گورنر پیر سید کرم علی شاہ نے افتتاح کیا

Posted on
شیئر کریں:

اشکومن(کریم رانجھا) ؔ رسم ’’تخم ریزی‘‘ جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا،ڈھول کی تھاپ پر رقص،سابق گورنر پیر سید کرم علی شاہ نے بیج اچھال کر رسم کا باقاعدہ آغا ز کیا،مہمانوں کی مقامی روایتی کھانوں سے تواضع ۔تحصیل اشکومن کے مرکزی گاؤں چٹورکھنڈ میں سال نو کے آغاز کے ساتھ بیج بونے کی رسم ’’تخم ریزی‘‘ روایتی شان وشوکت کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر صبح سویرے نمبردار علاقہ اور عوام کی کثیر تعداد پیر کرم علی شاہ کے گھر پہنچے ۔پیر کے صاحبزادے سید کمال علی شاہ نے پانی چھوڑنے کی رسم ادا کی بعد ازاں سابق گورنر پیر سید کرم علی شاہ نے رسم ’’پھتک‘‘ کے بعد گندم کے بیج اچھال کر بوائی کے سیزن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر مہمانوں کو’’اشپیری‘‘ پیش کی گئی اور روایتی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید کرم علی شاہ نے کہا کہ ثقا فت زندہ قوموں کی نشانی ہوتی ہے،وقت کے ساتھ حالات بدلتے رہتے ہیں لیکن وقت کے دھارے میں بہتے ہوئے اپنے اسلاف کے رسم ورواج کو نہیں بھولنا چاہئے،یہ ہماری شاندار روایت رہی ہے۔تقریب کے بعد ڈھول کی تھاپ پر رقص پیش کیا گیاجس میں مہمانوں کے علاوہ مقامی افراد نے بھی فن کا بھر پور مظاہرہ کیا۔مذکورہ تقریب غیر سرکاری تنظیم آئیڈیل سوسائٹی ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔’’ایوب ہمدرد فاؤنڈیشن‘‘ کی جانب سے تنظیم کو پچیس ہزار روپے کا چیک پیش کیا گیا۔اس موقع پر محکمہ ذراعت غذر کی جانب سے شجر کاری کا بھی بندوبست کیا گیا تھا،پیر سید کرم علی شاہ ودیگر مہمانوں نے درخت لگاکر شجر کاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔
gb ishkoman phatak rasm tokhom razi
gb ishkoman phatak rasm tokhom razi23

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستانTagged
6778