Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوامیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے محکمہ بلدیات ،انتخابات ودیہی ترقی کا اجلاس

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوامیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے محکمہ بلدیات ،انتخابات ودیہی ترقی خیبرپختونخواکے کانفرنس روم میں ایک اہم اجلاس ہوا۔جس کی صدارت سیکرٹری بلدیات ،انتخابات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا سید جمال الدین شاہ نے کی ۔اجلاس میں تمام ڈبلیوایس ایس سیزاورخیبرپختونخواکی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیزکے سربراہان نے شرکت کی ۔ اجلاس میں میونسپل سروسز کی فراہمی اورخصوصاًپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔شرکاء کو بتایاگیا کہ پینے کے پانی کی ٹینکیوں کی صفائی اورکلورینیشن کی بروقت تکمیل ہونی چاہیئے۔اس کے علاوہ صوبے میں پانی کے زنگ آلود پائپوں کی تبدیلی کاکام بھی مرحلہ واراورفوری سرانجام دیناچاہیئے۔اجلاس میں ان تمام اداروں کو ہدایات دی گئیں کہ وہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ عوامی خدمت کے جذبے کو مدنظررکھتے ہوئے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جاسکیں جبکہ اس سے عوام کو سروسز مہیا کرنے والے محکموں کی کارکردگی بھی بہترہوگی۔

اس موقع پرتمام شرکاء نے اپنے اپنے اداروں کے بارے میں پریزینٹیشن کے ذریعے تفصیلات سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو آگاہ کیا۔تمام شرکاء نے اس بات پر زوردیاکہ آنے والے مالی سال کے بجٹ میں پانی کی فراہمی کیلئے کثیررقوم مختص کرنی چاہیئے ۔شرکاء نے بتایاکہ پانی چوری اوراس کاغلط استعمال آج کل ایک بہت بڑاالمیہ ہے جس کا تدارک خصوصی تشہیر ی مہم اورعوامی آگاہی کے ذریعے کیاجاسکتاہے ۔شرکاء کو بتایاگیاکہ صوبے بھر میں سات واٹراینڈسینی ٹیشن کمپنیاں کام کررہی ہیں جو کہ پانی کی ضروریات اورا س سے متعلق تمام امورسے بخوبی واقف ہیں ۔شرکاء کو اعدادوشمارکے ذریعے یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ عوام کو صاف پانی کی دستیابی میں کمپنیاں شبانہ روز خدمات انجام دے رہی ہیں ۔سیکرٹری بلدیات نے مزید ہدایت جاری کی کہ تمام ادارے ایک مربوط لائحہ عمل اختیارکریں جس میں پانی کے مرحلہ وار ٹیسٹ ،زنگ آلود پائپوں کی تبدیلی ،جدید ٹیکنالوجی کااستعمال ، واٹرلیب ،فلٹریشن پلانٹس کی مرمت ،ٹوٹے ہوئے پائپوں کی بروقت مرمت ،غیرقانونی کنکشن کے خاتمے کے اقدامات اورعوام کی شکایات پرفوری عملدرآمد جیسے اقدامات شامل ہوں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
6648