Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

موجودہ صوبائی حکومت پہلے سے چارہائیڈل منصوبوں کو مکمل کرچکی ہیں جن کی پیداواری صلاحیت 74 میگاواٹ ہے۔۔۔محمد عاطف

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت توانائی کے منصوبوں پرخصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس ضمن میں موجودہ صوبائی حکومت پہلے سے چارہائیڈل منصوبوں کو مکمل کرچکی ہیں جن کی پیداواری صلاحیت 74 میگاواٹ ہے۔ ان منصوبوں میں درال خوڑ بحرین، رانولیاکوہستان، مچئی کاٹلنگ اور پیہور ہائیڈل پاور منصوبے شامل ہیں۔ وہ پشاور میں محکمہ انرجی اینڈ پاور کے ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری انرجی اینڈپاور شکیل قادر اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز موجود تھے۔ محمد عاطف خان نے کہاکہ وفاقی حکومت ابھی تک ان منصوبوں کی پاور پرچیز ایگریمنٹ نہیں کررہی جس کی وجہ سے خیبرپختونخوا حکومت کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی طرف سے شروع کردہ 356 چھوٹے پن بجلی گھروں کے پراجیکٹ میں 300 سے زائد بجلی گھر مکمل ہوچکے ہیں اورپورا پراجیکٹ جون کے مہینے سے پہلے پہلے مکمل کیاجائیگا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ ان چھوٹے ہائیڈل منصوبوں سے بالخصوص پہاڑی علاقوں کے عوام کو بغیرلوڈشیڈنگ کے کم ریٹ پربجلی کی سہولیات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں سے جہاں ایک طرف نیشنل گرڈ پرلوڈ کم ہوچکاہے وہاں پرلوگوں کو روزگار کے مواقع بھی مل رہے ہیں اور ہم کلین انرجی کو استعمال میں لاکر ان سے فوائد بھی حاصل کررہے ہیں۔ محمدعاطف خان نے کہاکہ اس کے علاوہ موجودہ صوبائی حکومت نے سولر پراجیکٹس پرکام شروع کررکھاہے جن میں 5 ہزار 600 گھروں کی سولرائزیشن پراجیکٹ بھی عنقریب مکمل کردی جائیگی۔ اسی طرح 4000 مساجد، 8000 سکولوں اور 187 بنیادی مراکز صحت منصوبوں پربھی برق رفتاری کے ساتھ کام جاری ہے۔ کنسلٹنٹس کے انتخاب کے بعد کنٹریکٹرز کو RFP بھی جلد ازجلد ایشو کردیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم توانائی کے نہ ختم ہونیوالے ذرائع رینیوایبل انرجیزپر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ہم دنیا کی سب سے سستی بجلی پیدا کررہے ہیں جبکہ وفاق ہماری سستی بجلی ہم سے خرید نہیں رہا اور زیادہ ریٹ پرمہنگی ایل این جی اور کوئلے ، گیس سے پیدا ہونیوالی بجلی خرید رہاہے فرق صاف ظاہر ہے کہ یہ ان کی بدنیتی ہے۔
محمد عاطف خان نے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ سولر اور ہائیڈل منصوبوں کو جلد ازجلد مقررشدہ وقت کے اندر اندر مکمل کردیاجائے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرکے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینی چاہئیے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ 672 منی مائیکرو ہائیڈل پراجیکٹ پربھی صوبائی حکومت نے کام شروع کررکھا ہے اور اس پراجیکٹ کیلئے کنسلٹنٹ کا انتخاب ہوچکاہے اورعنقریب کنٹریکٹرز اورفرموں کوبھی RFP ایشو کردیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ پراجیکٹ 9 مہینوں کے اندر اندرمکمل کردیاجائیگا جبکہ ان سولر اورہائیڈل منصوبوں کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ میں کمی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی عوام کو میسر ہوں گے اور ہم انڈسٹری کی بحالی کیساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی خودکفیل ہوجائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
6413