Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرحد رورل سپورٹ پروگرام انسانی فلاح کیلئے جو ذمہ داریاں سر انجام دے رہی ہے وہ قابل تقلید ہیں۔مظفر سید

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختو نخوا ہ کے وزیرخزانہ مظفر سید ایڈو کیٹ نے کمیونٹی کی شراکت داری کے ذریعے دیہی علاقوں کی پائیدار ترقی اور انسانی زندگی کی بہتری کیلئے برسر پیکارپراجیکٹ سرحد رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس پی) کے خدمات کو سراہتے ہوئے اسکے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے وسیع البنیاد ترقیاتی پروگرام کے ذریعے معاشرتی شعبہ کی ترقی کیلئے اپنے خدمات کی فراہمی کا سلسلہ مقامی شراکت داری کیساتھ آئندہ بھی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ا یس آر ایس پی مقامی سطح پر عوام کو کمیونٹی کی ترقی کیلئے شعور و آگاہی فراہم کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے صوبے کے پسماندہ اور دیہی علاقوں میں کثیر المقاصد ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آ ج تیمر گرہ دیر پائیں میں سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے صوبائی وزیر خزانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دیر پائیں میں ایس آر ایس پی کے اشتراک سے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں اور اپنے پراجیکٹ کو درپیش بعض مسائل پر تبا دلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے اس موقع پر ایس آر ایس پی عملے کے مسائل سنیں اور حکومتی سطح پر انکے حل کیلئے وفد کو یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پروگرام کے ذریعے دیہی علاقہ جات کی پائیدار ترقی ، غربت میں کمی اور انسانی زندگی کے معیار کو بلند کرنے کیلئے متعین کردہ اہداف میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے جسے ایس آر ایس پی نے ایک مشن کے طور پر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر ایس پی انسانی وسائل اور کمیونٹی کے فزیکل انفراسٹرکچرکی ترقی اور انسانی فلاح کیلئے جو ذمہ داریاں سر انجام دے رہی ہے وہ قابل تقلید ہیں اور یہی جذبہ آئندہ کیلئے بھی جاری رکھنا چاہےئے تا کہ دیہی علاقوں کی ترقی و خوشحالی کے مقاصد کو احسن طریقے سے پورا کیا جا سکے۔

شیئر کریں: