Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پیڈو حکام اپر چترال کو بجلی دینے کے حوالے سے تاحال لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نوٹس لیں۔چرون میں احتجاجی جلسہ۔۔۔افتخار الدین

Posted on
شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چرون کے مقام پر گزشتہ دن پیڈو کے خلاف ایک احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا اور صوبائی حکومت کو خبر دار کیاگیا کہ وزیر اعظم کی چترال آمد سے پہلے اپر چترال کی بجلی کا مسئلہ حال کیا جائے بصورت دیگر پیڈو کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔ جس کی تمام تر ذمہ داری پیڈ و حکام پر ہوگی ۔ جلسہ میں یہ بھی مطالبہ کیاگیا کہ پیڈو کی تسلط کو اپر چترال سے ختم کرکے کسی دوسرے ادارے کو دی جائے۔ جس کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے اپر چترال کی تقریبا تین لاکھ آبادی گزشتہ تین برسوں سے اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے۔ مگر یہ لوگ ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔ انھوں نے چترال کی طرف لانگ مارچ کی دھمکی دیتے ہوئے وزیر آعظم کی چترال آمد سے پہلے اپرچترال کی بجلی کا مسئلہ حل کرنے کا پو ر زور مطالبہ کیا ۔ انھوں نے چیف منسٹر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

دریں اثنا چترال سے قومی اسمبلی کے رکن شہزادہ افتخا رالدین نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اپر چترال کے لئے پیسکو سے گولین گول ہائیڈروپاؤر اسٹیشن سے بجلی لینے کے کام میں پیڈو کے حکام کی من مانیوں کا سخت نوٹس لیا جائے کیونکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اپر چترال کے عوام شدید مشکل میں مبتلا ہیں اور احتجاجی جلسے اورجلوسوں پر اتر آئے ہیں اور امن وامان کی صورت حال کسی بھی وقت خراب ہوسکتی ہے۔ مقامی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیڈو کے حکام کو صرف پیسکو کے متعلقہ پروفارما کو پر کرنا ہے لیکن ا س میں بار بار توجہ دلانے کے باوجود لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں جس سے اپر چترال کے عوام کا پیمانہ لبریز ہورہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پیسکو کی طرف سے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے جبکہ مسئلہ صرف اور صرف پیڈو حکام نے بنالیا ہے ۔ ایم این اے شہزادہ افتخار نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ حالات کے خراب ہونے سے پہلے اس مسئلے کا حل نکالا جائے جوکہ پیسکو کے حکام کے مطابق صرف ایک گھنٹے کے اندر اندر حل ہوسکتی ہے۔

charun jalsa

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
5925