Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری کی ہدایت، سرکاری سکولوں میں اخلاقیات سے متعلق اگاہی نشستوں کا انعقاد کردیا گیا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی ہدایت پر محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے پورے صوبے کے سرکاری سکولوں میں اخلاقیات سے متعلق آگاہی نشستوں کا انعقاد کردیاہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے تمام سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر اسمبلی کے دوران اخلاقیات کے موضوع پر درس کو یقینی بنائیں۔ محکمہ ایلیمنٹری و سیکنڈری تعلیم حکومت خیبر پختونحوا اخلاقیات کے موضوعات بشمول بزرگوں کی عزت ‘ صفائی‘ قانون اور ٹریفک قوانین کی پابندی کے بارے میں آگاہی سیشن کا اہتمام کرے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ابتدائی وثانوی تعلیم خیبر پختونحوا رفیق خٹک نے کہا ہے کہ ہم نے تمام سکولوں کو روزانہ کی بنیاد پر بحث مباحثہ اور تقاریر کا انعقاد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے نہ صرف طلباء کی آگاہی میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے طلباء کی ابلاغیات اور اظہار رائے کی مہارت میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سکولوں کو بزرگوں اور والدین کا احترام‘ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ‘ صحت عامہ اور صفائی جیسے موضوعات فراہم کردئیے گئے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ ہم اس پالیسی پر سختی سے پورے صوبے میں عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور تمام سکولوں میں اس پالیسی پر عمل درآمد کی جانچ کو بھی جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبائی حکومت کی ہدایت پر صوبہ بھر کے کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ڈویژن میں کام کرنے والے ریونیو کے عملے سے نئی جاری شدہ سٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجرز کے تحت امتحان کا بندوبست کریں تاکہ نئی جاری ہدایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جاسکے ۔یہ ہدایات بورڈ آف ریونیو کے ذریعے تمام ڈویژنل کمشنروں کو بھجوائی گئی ہیں جس کے تحت ہر کمشنر اپنی ڈویژن کی سطح پر محکمہ کے تمام اہلکاروں سے اس بارے میں ٹیسٹ لینگے کہ مذکورہ اہلکاروں کا فرداً فرداً اندازہ لگایا جاسکے کہ انہوں نے کس لیول تک مذکورہ ہدایات پر عمل درآمد اور اس سے استفادہ لیا ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کو ریونیو سے متعلق کیسوں میں ریلیف دینا ہے۔مذکورہ ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ عمل آئندہ فروری کے پہلے ہفتے میں مکمل کیا جاسکے تاکہ حتمی رپورٹ چیف سیکرٹری کو بھجوائی جاسکے۔واضح رہے کہ بورڈ آف ریونیو نے چیف سیکرٹری کی ہدایت پر ایک ایس او پی تیار کرکے گزشتہ نومبر میں محکمہ ریونیو کے تمام افسروں کو بھجوائی تھی جس پر عمل درآمد کروانا متعلقہ کمشنروں کی ذمہ داری تھی جس کے تحت ریونیو سے متعلق عوامی مسائل اور مقدمات کم سے کم وقت میں نمٹانا تھا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
5666