Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کے تمام کالجز اور جامعات کو پانی کی ٹینکیوں کی صفائی اور کلورینیشن کا عمل کرنے کے لیے ہدایات جاری

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے چیف سیکرٹری اعظم خان کے احکامات کی روشنی میں صوبے کے تمام کالجز اور جامعات کو پانی کی ٹینکیوں کی صفائی اور کلورینیشن کا عمل کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔اسکے علاوہ تعلیمی اداروں میں صاف پانی کی ترسیل کے لیے زیر استعمال پائپ لائنوں کی درستگی،زنگ آلود پائپوں کی تبدیلی اور پینے کے پانی کے لیے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل کامرس ایجوکیشن اور مینجمنٹ سائنسز کی جانب سے اس ضمن میں صوبے کے 32کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے کالجوں کو ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے جسکی رو سے انھیں سات یوم میں یہ تمام عمل پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کہا گیا ہے۔اس طرح خیبر پختونخوا کے 211کالجوں میں پانی زخیرہ کرنے والی ٹینکیوں کی صفائی اور اسکی کلورینیشن کرنے کے لیے بھی مراسلہ بھیجا گیا ہے۔ڈائریکٹر کالجز کی جانب سے جوائنٹ مینجمنٹ کونسلز کے18سربراہان کو بھی ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مراسلہ بھیجا گیا ہے۔ صفائی کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی جانچ کے لیے پی سی ایس آئی آر(PCSIR)اور اس طرز کی دیگر لیبارٹریوں سے معاونت لینے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہیں تاکہ تعلیمی درسگاہوں میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنے۔خیبر پختونخوا کے کالجوں کے علاوہ سرکاری جامعات کو بھی اسی حوالے سے احکامات جاری کیے گئے ہیں اور رواں ماہ کی24تاریخ تک اس تمام کام کو نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔تمام کالجوں اور جامعات کی انتظامیہ کو ترسیل آب کے لیے استعمال ہونے والے پائپوں کی مکمل جانچ پرکھ کرنے اور زنگ آلود پائپوں کی فی الفور تبدیلی بارے بھی واضح طور پر آگاہ کیا گیا ہے تا کہ متعلقہ حکام اور ذمہ دار کمپنیوں کے ساتھ اس ضمن میں روابط کیے جائیں ۔سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا سید ظفر علی شاہ کے مطابق پانی کے باعث جنم لینے والے امراض کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں،چیف سیکرٹری نے صوبے میں تمام زخیرہ آب کے ٹینکوں کی صفائی اور کلورینیشن کے احکامات جاری کیے ہیں جس کی رو سے تعلیمی اداروں ،درسگاہوں میں بھی واٹر ٹینکوں کی صفائی کا عمل مکمل کیا جائے گا جبکہ اسکے ساتھ دیگر ضروری اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔


شیئر کریں: