Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

لوکل گورنمنٹ کمیشن کا اجلاس، ناظم چترال کی درخواست پر تمام سرکاری گاڑیاں استعمال میں لانے کی ہدایت

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ کمیشن نے تحصیل کرک کے سالانہ ترقیاتی پروگرام2016-17 کے لئے مختص فنڈ اورویلج کونسل ولی آباد پشاورکے نائب ناظم کی تنخواہ فوری جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ اس امر کا فیصلہ آج پشاورمیں سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ کی سربراہی میں منعقد ہونے والے 32 ویں لوکل گورنمنٹ کمیشن کے اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ ،سیکرٹری قانون، سپیشل سیکرٹری بلدیات شرافت ربانی ،اراکین لوکل گورنمنٹ کمیشن ڈاکٹر اقبال خلیل ،شمائلہ تبسم اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔لوکل گورنمنٹ کمیشن نے مختلف امورپرغوروخوض ہوا۔ تاہم کمیشن کے اجلاس میں ضلع ناظم چترال کی درخواست پر فیصلہ ہواکہ ضلعی انتظامیہ کے پاس جو گاڑیا ں ناظم کی نشاندہی کے مطابق اب تک زیر استعمال نہیں لائی گئیں وہ فوری طورپر سرکاری استعمال میں لائی جائیں تاکہ سرکاری وسائل عوامی فلاح وبہبود کے لئے استعمال ہوں اوران کامزید ضیاع نہ ہوسکے ۔اجلاس میں ضلع بونیر کے سالانہ ترقیاتی 2016-17 کے فنڈ کا مسئلہ بھی احسن طریقے سے حل کیاگیا جبکہ کمیشن نے ویلج کونسل یاسین خیل چمکنی پشاورکے ناظم کے خلاف تحریک اعتماد کو قواعد وضوابط کے خلاف قرارد دیتے ہوئے اسے کالعدم قرارد یا۔کمیشن کے چیئر مین عنایت اللہ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کمیشن ایک آزاد اورخودمختار فور م ہے اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے رولز آف بزنس ماڈل بائی لائز کے مطابق عمل درآمد یقینی بنا رہی ہے اورعوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے یہ منصفانہ فیصلے کررہی ہے ۔چیئر مین نے ہدایت کی کہ آئندہ کمیشن کے اجلاسوں کے ایجنڈ ے میں ایسے کیسز شامل نہ کیے جائے جو عدالتوں، نیب ،کمیشن یادیگر اداروں میں زیر التواء ،زیر تحقیق یا زیر سماعت ہوں ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
4337