Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

187صحت کے مراکز اور 4440مساجد کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے ٹیندر جاری

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران توانائی کے شعبے کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی تاہم توانائی کے شعبے میں حکومتی اقدامات کی تشہیر وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے توانائی شعبے کے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی و برقیات انجینئر نعیم خان اور سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ قیصر عالم نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبے میں توانائی کے شعبے میں جاری مختلف منصوبوں کاجائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر محمد عاطف خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے صوبے میں بجلی پیدا کرنے اور شعبے کو ترقی دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس موقع پر عاطف خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے صوبے میں بجلی پیدا کرنے اور توانائی کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ صوبے میں 356مائکروہائیڈل پاور سٹیشن پر کام شروع کیا گیا ہے جس میں 300مکمل ہوچکے ہیں جبکہ باقی کو بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ ان منصوبوں سے صوبے کے دور دراز علاقوں کے35لاکھ لوگ مستفید ہونگے جن کو پہلے بجلی میسرنہیں تھی۔ عاطف خان کا مزید کہنا تھا کہ ان پاور پلانٹس سے حاصل شدہ بجلی کی قیمت نہایت کم ہوگی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صارفین کو یہ بجلی چار روپے فی یونٹ کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ وزیرتوانائی کا مزید کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے علاوہ صوبے کے 12 اضلاع میں مزید 650 منی مائکرو ہائیڈل پاور پلانٹس کے ٹینڈرز جاری کر دیئے گئے ہیں جن پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صوبے میں 6ہزار گھرانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کئے جارہے ہیں جس سے توانائی کے بحران پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔ خیبرپختونخوا کے 5600سرکاری سکولوں کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ جلد ہی مزید8ہزار سکولوں کو سولرائز کیا جارہا ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع کے 187صحت کے بنیادی مراکز اور 4440مساجد کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل کے ٹیندر جاری کردئیے گئے ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات نے صوبے میں توانائی کے شعبے میں جاری اور مکمل کئے گئے منصوبوں کی تشہیر کو ضروری قرار دیتے ہوئے اس مد میں اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جلد ہی ان مثبت اقدام کی ذرائع ابلاغ میں تشہیری مہم شروع کی جائے گی جس سے صوبے کے عوام کو صوبائی حکومت کے ان ترقیاتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
4276