Chitral Times

Oct 19, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ کی صوبے بھر میں مساجد کو شمسی توانائی سے منسلک کرنے پر کام شروع کرنے کی ہدایت

شیئر کریں:

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے بھر میں مساجد کو شمسی توانائی کے نظام سے منسلک کرنے پر کام جلد ازجلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں پہلے سے طے شدہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے جس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں مساجد کی سولرائزیشن سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سیکرٹری توانائی انجینئر محمد نعیم خان نے وزیراعلیٰ کو اُن کی ہدایات کے تحت مساجد میں شمسی نظام کی تنصیب سے متعلق پیش رفت پر آگاہ کیا۔ اُنہیں بتایا گیا کہ اس اہم منصوبے کا کنٹریکٹ جنوری کے آخری ہفتے تک دے دیا جائے گاجبکہ مساجد کی سولرائزیشن کا پور ا عمل وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطا بق پوری تیزی کے ساتھ مئی تک مکمل کرلیا جائے گا۔ پرویز خٹک نے ہدایت کی کہ وہ اس اہم منصوبے کی تکمیل اور مختلف مراحل کا ٹائم لائن تحریری شکل میں سٹرٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور اُن کے پرنسپل سیکرٹری سید شہاب علی شاہ کے حوالے کریں تاکہ نگرانی کا عمل بھی موثر بنایا جاسکے۔انہوں نے سیکرٹری توانائی کو بھی ہدایت کی کہ مساجد کی سولرائزیشن کے منصوبے پر عمل درآمد کے پورے عمل کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کریں تاکہ کسی بھی مرحلے پر غفلت کا مظاہرہ دیکھنے میں نہ آئے ۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ مساجد کی سولرائزیشن مئی تک ہر صورت میں مکمل ہونی چاہیئے تاکہ آئندہ موسم گرما کے دوران مساجد میں شمسی توانائی کا متبادل نظام یقینی طور پر دستیاب ہو اور لوڈ شیڈنگ کی صورت میں نمازیوں کو تکالیف سے بچایا جا سکے ۔

شیئر کریں: