Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ تعلیم معذور افراد کو سکولوں میں تما م سہولیات فراہم کریگا۔۔محمد عاطف صوبائی وزیر تعلیم

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم معذور افراد کو سکولوں میں تمام سہولیات فراہم کرے گا جن میں سپیشل واش روم اور ریمپ شامل ہیں تاکہ ان کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے کارآمد شہری بنایا جا سکے۔وہ فرینڈز آف پیراپلیجک (Friends of Peraplegic) تنظیم کے عہدیداروں شہاب الدین اور انجینئر عرفان سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن خالد خان ، ایڈیشنل سیکرٹری سہیل خان ، ڈائریکٹر محکمہ تعلیم محمد رفیق خٹک اور دیگر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے جہاں پر عام طالب علموں کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں وہاں پر معذور لوگوں کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے تاکہ ان کو تعلیم حاصل کرنے میں آسانی ہو اور وہ بھی عام طالب علموں کی طرح پڑھ لکھ سکیں ۔اس ضمن میں محکمہ تعلیم inclusive پروگرام شروع کر رہا ہے جس کا بنیادی مقصد معذور اور غیر معذور طالب علموں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کرنا ہے اور یہ کوشش کی جائے گی کہ ان کی کلاسز کی ترتیب اس طرح ہو کہ ان کو کوئی مشکلات نہ ہوں اسی طرح طالب علموں کی سیٹنگ اریجمنٹ بھی اسی طرح ہو گی کہ ان کو کلاس آنے ، کلاس سے نکلنے اور لیکچر سننے میں کوئی مشکلات نہ ہوں۔صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پورے صوبے میں معذور افراد کیلئے 15جبکہ ٹوٹل 44 انسٹی ٹیوٹ ہیں جو کہ معذور افراد کیلئے بنائے گئے 15انسٹیٹیوٹ میں سے تین صرف پشاور میں ہیں جبکہ بہت سے اضلاع ایسے ہیں جن میں معذور افراد کیلئے سکول نہیں ہیں اور یہ تمام سکول سپیشل ایجوکیشن کے دائرہ اختیار میں ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ہم معذور افراد کو سہولیات دے کر محکمہ تعلیم کے عام سکولوں میں پڑھائیں گے جبکہ بہت کثیر تعداد پہلے سے بھی طلباء سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں تاہم محکمہ تعلیم ان کو بھی سہولیات دے کر عام طالب علموں کے مواقع فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے میرٹ پر ذہین اساتذہ کو نہ صرف بھرتی کیا ہے بلکہ ان کو مستقل بھی کیا ہے جس کی وجہ سے سرکاری سکولوں کے نہ صرف نتائج میں بہتری آئی ہے بلکہ پرائیویٹ سکولوں سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد طالب علم بھی سرکاری سکولوں کا رخ کر چکے ہیں اسی طرح سکولوں میں فرنیچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر بھی اربوں روپے خرچ کئے جا چکے ہیں اور سکولوں کی اپ گریڈیشن اور نئے سکولوں کی تعمیر میں بھی موجودہ صوبائی حکومت نے خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے صوبے میں صرف دو ہائیر سیکنڈری سکول تھے جبکہ موجودہ حکومت نے ہائر سکینڈری سکولوں کی تعداد 650تک پہنچائی ہے اسی طرح ٹیچرز ٹریننگ بھی شروع ہے تاکہ ان کی استعداد کو بڑھایا جا سکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
3706