Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکرٹری کا سماجی بہبود اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوامحمد اعظم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارخیبر پختونخوا میں سکولوں کی سطح پر Good Citizen Corps قائم کیا جا رہا ہے جس کے لئے انہوں نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم،محکمہ ثقافت،کھیل،سیاحت،آثار قدیمہ و امور نوجوانان کو ہدایات جاری کردی ہیں۔انہوں نے ان محکموں کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ”جی سی سی” کے لئے سماجی و ثقافتی سرگرمیوں پر مشتمل فہرستیں مرتب کریں۔چیف سیکرٹری نے کہا ہے کہ اس سے پہلے این سی سی کے تحت طلباء کو ایمرجنسی سے نمٹنے اور جنگی حالات میں ہتھیار چلانے کے لئے بنیادی تربیت دی جاتی تھی جس کو سال 2002 سے ختم کیا جاچکا ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ان سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلباء کو امتحانات میں پرانے این سی سی طرز پر مخصوص نمبرات دئیے جائیں گے۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ طلباء کو برداشت،امداد باہمی اور شہری حقوق و ذمہ داریوں کی پاسداری کے حوالے سے تربیت فراہم کریں تاکہ مستقبل میں یہی نوجوانان ملک کے لئے خدمات میں اپنا حصہ ڈالیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو طلباء ان سرگرمیوں میں حصہ لینگے ان کو سرٹیفیکیٹ بھی دیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ طلباء کو سوشل ورکس، سیاحوں کو آثار قدیمہ کے حوالے سے بریفنگ، ٹریفک کنٹرول میں انتظامیہ کی معاونت، صفائی مہمات اور سماجی بہبود کے اداروں میں ان سرگرمیوں کی خدمات سرانجام دینا ہوں گی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان سرگرمیوں میں ہسپتالوں اور دیگر رفاع عامہ کے حوالے سے خدمات کی فراہمی بھی شامل ہوگی۔یاد رہے کہ چند ہفتے قبل چیف سیکرٹری نے تمام سرکاری سکولوں میں اخلاقیات پر مبنی 47 مضامین پڑھانے کے احکامات جاری کئے تھے۔ جس کے تحت تمام سرکاری سکولوں میں اساتذہ طلباء کو اخلاقی موضوعات پر درس دے رہے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
3405