Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرکاری ملازمین کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے ایک اہم اعلان،

Posted on
شیئر کریں:

زمونگ خپل کور ہاؤسنگ سکیم سے اب ہر سرکاری ملازم اپنا گھر تعمیر کریگا ۔ڈاکٹر امجد علی
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت ہاؤسنگ کے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں سیکرٹری ہاؤسنگ کپیٹن (ر)سید وقار الحسن ،ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ سیف الرحمٰن،ڈپٹی سیکر ٹری لوکل گورنمنٹ محمد رفیق خان مہمند،سیکرٹری لاء اصغر علی،ڈپٹی سیکرٹری فنانس محمد شیراز سمیت پی ایچ اے کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ سستے مکانات کی فراہمی کیلئے زمونگ خپل کور سکیم کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں جن سے سرکاری ملازمین ،پنشنرز اور عوام الناس مستفید ہونگے۔ 5مرلہ کا پلاٹ اور اس پر مکان کی تعمیر کے لئے مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہو نے کہا کہ اس سکیم کے ذریعے ایک مکان پر 17لاکھ روپے لاگت آئے گی اور اس سکیم سے 2لاکھ سرکاری ملازمین و پنشنرز کے ساتھ ساتھ عام عوام بھی مستفید ہونگے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کو اپنا گھر تعمیر کرنے کیلئے بنک ہوم فنانس کی سہولت کا بندوبست کیا ہے جس سے سرکاری ملازمین اپنا گھر تعمیر کرسگیں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس سکیم میں 340ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں جب سرکاری ملازم ریٹائرمنٹ کے قریب ہوتا تو سب سے پہلے وہ اپنے لئے نئے گھر کی تعمیر کے لئے فکر مند رہتا لیکن موجودہ صوبائی حکومت نے ایک ایسا لائحہ عمل تیار کیا ہے جس سے سرکاری ملازمین اس فکر سے آزاد ہونگے اور اقساط کی شکل میں اپنا گھر تعمیر کرایئنگے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن(ر)سید وقار الحسن نے اجلاس کو اس سکیم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سکیم سے 18لاکھ تک بنک ہوم فنانس کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اس سکیم کے تحت سرکاری ملازم 20سال کی آسان اقساط میں رقم واپس کرے گا اور یہ اقساط اس کی ماہانہ تنخواہ سے کاٹی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ الاٹمنٹ بذریعہ قرعہ اندازی کی جائے گی اور اس کے حصولی کے لئے ڈاؤن پے منٹ 1لاکھ 50ہزار سے ہوگی اور بقیہ بنک ہوم فنانس کے ذریعے وصول کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پلاٹ 5مرلہ پر مشتمل ہوگا اور ایک بار پلاٹ ملنے پر وہ دوبارہ اس سکیم کے لئے اہل نہیں ہوگا۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ان پلاٹس پر تعمیر قرعہ اندازی کے بعد ایک سال کے اندر ہوگی اور یہ پلاٹ 2بیڈ روم،ڈرائنگ روم،کچن،برآمدہ،واش رومزاور باؤنڈری وال پر مشتمل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پلاٹ کی تعمیر ملازمین اپنے ہاتھ سے کریں گے تاکہ وہ اپنی مرضی سے اپنا گھر تعمیر کریں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ اس پلاٹ کے حصولی کے لئے صوبائی حکومت کا مستقل ملازم ہونا ضروری ہے جس کی عمر 25سال سے لیکر 55سال تک ہوگی اور جس کی تنخواہ کم از کم 50ہزار ہوگی۔ڈاکٹر امجد علی نے ہدایت کی کہ ملازمین کی آسانی کے لئے ضلعی سہولت سنٹر قائم کریں جس سے ان کو مفت سروسز فراہم ہوگی۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ سرکاری ملازمین اور عوام کے حقوق کے لئے وہ تابر توڑ کوششیں کریں اور ان کے حقوق ان کو دلوائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جلوزئی و دیگراہم ہاؤسنگ سکیمز سے عوام اور سرکاری ملازمین دونوں مستفید ہونگے۔


شیئر کریں: