Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایون کے مقام آٹانی میں دو فریقوں کے مابین جنگل کے تنازعے میں چھ افراد زخمی

Posted on
شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) ایون کے مقام آٹانی میں دو فریقوں کے مابین جنگل کے تنازعے میں چھ افراد زخمی ہوگئے ۔ جبکہ دونوں فریقین میں مجموعی طور 33افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ۔ مقدمے میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایون کے مقام آٹانی میں کئی عرصے سے مقامی لوگوں اور مال مویشی پالنے والے گجر برادری کے مابین ایک تنازعہ چلا آرہا ہے ۔ اور عدالت نے جنگل کو بچانے کیلئے شاہ بلوط کے درختوں کی مال مویشیوں کیلئے چارہ کے طور پر کٹائی پر پابندی لگا دی ہے ۔ مقامی ناظمین ،کونسلرز اور دیگر افراد گذشتہ ڈیڑھ مہینے سے کیمپ لگا کر جنگل کی نگرانی کر رہے تھے ۔ اور مال مویشیوں کیلئے جنگل سے شاہ بلوط کے درختوں کی کٹائی کرکے لانے پر نگاہ رکھتے تھے ۔ گذشتہ روز مخالف فریق کے مردو خواتین اچانک اُن پر حملہ آور ہوئے ، ڈنڈوں کا استعمال کیا اور شدید سنگ باری کی ۔ جس کے نتیجے میں موقع پر موجود کسان کونسلر مجاہد ، نائب ناظم فضل الرحمن ، عاشق حسین ، اعزاز ربانی اور سجاد الرحمن زخمی ہوئے ، جبکہ دوسرے فریق میں سے ایک نوجوان غفار الدین کو معمولی چوٹیں آئیں ، ایون پولیس کے مطابق دونوں فریقین کے خلاف کراس ایف آئی آر درج کر لئے گئے ہیں ۔ جن میں فریق اول کے طور پر ویلج ناظم مجیب الرحمن ،نائب ناظم فضل الرحمن ، کونسلر مجاہد سمیت دس افراد کے خلاف اور فریق دوئم کے طور پر محی الدین ، طاہر ، اشرف سمیت 23فراد کے خلاف ایف آئی آر چاک کئے گئے ہیں ۔ زخمیوں میں کونسلر مجاہد کو گُھٹنے پر شدید زخم کی وجہ سے پشاور ریفر کردیا گیا ہے ۔ تصادم میں ایک خاتون کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لی گئی ہے ۔ کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

ayun zakhmi chitral2


شیئر کریں: