Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کی پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے پر تیز رفتار اور بلا تعطل کام جاری رکھنے کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے پر تیز رفتار اور بلا تعطل کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ منصوبے کی بروقت تکمیل ایک چیلنج ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ ڈیزائن کی تبدیلی یا کسی بھی قسم کی تاخیر کی قطعاً گنجائش نہیں ۔متعلقہ حکام ہفتہ وار مشترکہ اجلاس کریں اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں ٹیکنکل نوعیت کے مسائل روزانہ کی بنیاد پر آپس میں ملکرحل کریں۔ جس کسی مسئلے میں حکومت کی ضرورت پڑے تو فوراً رابطہ کریں مگر کام کی رفتار میں کمی یا رکاوٹ نہیں آنی چاہیئے ۔یہ ہدایات اُنہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں بی آر ٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ صوبائی وزیر میاں جمشیدالدین کاکا خیل ، سٹرٹیٹجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، کمشنر پشاور اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں زیر تعمیر بی آر ٹی کے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک بہترین بی آر ٹی پراجیکٹ ہوگا جس کی دیر پا، محفوظ ترین اور معیاری تکمیل ناگزیر ہے۔ اس منصوبے کو آئندہ پانچ ماہ میں بہر صورت مکمل کرنا ہے۔کوئی بھی ٹیکنکل مسئلہ ٹھیکیداروں کے کام میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیئے۔وزیراعلیٰ نے اوور ہیڈ بریج پیر زکوڑی کی پیش رفت طلب کی جس پر بتایا گیا کہ اس سلسلے میں بڈنگ پیکج کا فیصلہ کیا جاچکا ہے ۔دو بڈرز سامنے آئے تھے جن میں سے ایک نے کوالیفائی کیا ۔آئندہ پندرہ دنوں میں مشتہر کردیں گے اور 31 دسمبر تک بڈنگ کا تمام عمل مکمل ہو جائے گا۔ اجلاس کو کوریڈور کے سات فیڈر روٹس کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی کی مقررہ وقت کے اندر تکمیل کیلئے مطلوبہ رفتار سے کام یقینی بنانے کیلئے کنٹریکٹرز ، آرکیٹیکٹس، ڈیزائنررز اور تمام متعلقہ حکام کا مشترکہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی جس پر بتایا گیا کہ ڈیزائنرز بیرون ملک سے 5 دسمبر کو اسلام آباد پہنچیں گے جن کے پہنچتے ہی اجلاس بلایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بی آر ٹی کی بروقت اور مطلوبہ معیار کے مطابق تکمیل ہمارا مشترکہ چیلنج ہے۔متعلقہ حکام ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں ، پراگرس شیئر کریں اور فنی نوعیت کے مسائل باہمی مشاورت سے حل کرکے تیز رفتاری سے آگے بڑھیں ۔ یہ عوامی فلاح کا بہترین پراجیکٹ ہے جو پشاور ٹریفک کے مسائل کا کل وقتی حل اور فن تعمیر کا بہترین شاہکار ہو گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , , ,
2702