Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایون میں کھلی کچہری ، نو عمر لڑکوں کی موٹر سائیکل چلانے پر پابندی کا مطالبہ

Posted on
شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) آواز ڈسٹرکٹ فورم چترال کے تعاون سے ایون اینڈ ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام (AVDP) کے زیر اہتمام ایک کھلی کچہری اے وی ڈی پی ٓفس میں منعقد ہوا ۔ جس میں ڈی ایس پی ظفر احمد ، ایس ایچ او تھانہ ایون آمان اللہ کے علاوہ علاقائی عمائدین چیرمین اے وی ڈی پی رحمت الہی ، ناظم وی سی ایون مجیب الرحمن ، ڈاکٹر آر ایچ سی ایون ولی خان ، ڈی ایس پی ( ر) محمد صابر سابق ممبر جندولہ خان ، ممتاز سوشل ورکر عنایت اللہ اسیر مختلف تنظیمات کے صدور جنرل سکیرٹری اور مردو خواتین نے شرکت کی ۔ کھلی کچہری میں منشیات کی روک تھام کیلئے پولیس کے اقدامات اور عوام الناس کا تعاون خصوصی ایجنڈا تھا ۔ جس پر اظہار خیال کرتے ہوئے شرکاء نے ایون پولیس کی طرف سے منشیات کی روک تھام کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی اور کہا ۔ کہ منشیات کی فروخت اور استعمال میں بہت کمی آئی ہے ۔ تاہم اس کے خاتمے یا مزید کمی لانے کیلئے پولیس اپنی کاروائی جا رکھے ۔ عوام اُن کے ساتھ بھر پور تعاو ن کرے گا ۔ عمائدین نے نوعمر موٹر سائیکل سواروں کے سلسلے میں انتہائی تشویش کا اظہار کیا ۔ اور کہا ۔ کہ سڑک پر موٹر سائیکل چلانے کے اُصولوں سے بے خبر نوعمر لڑکے جس تیز رفتاری سے سڑکوں پر گھومتے ہیں ۔اُس سے ہر وقت راہگیروں کو جان کا خطرہ درپیش ہو تا ہے ۔ جبکہ کئی اموات بھی واقع ہوئی ہیں ۔ اس لئے نو عمر لڑکوں کو موٹر سائیکل چلانے سے روکنے کیلئے سختی سے کاروائی کی جائے ۔ تاکہ اُن کی اپنی اور دوسروں کی جانیں محفوظ رہ سکیں ۔ انہوں نے پولیس سے یہ بھی مطالبہ کیا ۔ کہ سکولوں کی چُھٹی کے موقع پر اُباش قسم کے لڑکوں کو مختلف آمدورفت کی جگہوں پر کھڑے ہونے سے روکا جائے ۔ تاکہ سکول کی بچیاں بغیر کسی مشکل کے اپنے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں ۔ کھلی کچہری میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ کہ کالاش کمیونٹی کے لوگ اپنی روایتی وائن سے ہٹ کر ٹارا کے نام پر جو مشروب بناتے ہیں ۔ وہ کمیونٹی میں بگاڑ کا سبب بن رہا ہے ۔ اور اس کی بڑے پیمانے پر فروخت ہورہی ہے ۔ اس لئے کالاش براداری وائن کے علاوہ مشروب بنانے کو روکنے میں تعاون کرے ۔ اس موقع پر ڈی ایس پی محمد ظفر اور ایس ایچ او تھانہ ایون امان اللہ نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ جب تک کمیونٹی برائیوں کے خاتمے کیلئے پولیس کی مدد نہیں کرے گی ۔ بُرائی کا خاتمہ ممکن نہیں ۔ البتہ کمی لائی جا سکتی ہے ۔ اس لئے علاقے کے لوگ پولیس کی مدد کریں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو کنٹرول کریں ۔ خصوصا رات کے وقت گھروں سے نکلنے اور گروپ کی شکل میں محفل جمانے پر نظر رکھی جائے ۔ در اصل والدین کی طرف سے تھوڑی سی آزادی کا بچے غلط فائدہ اُٹھا رہے ہیں ۔ انہوں نے شادی خوشی وغیرہ کے موقع پر آتشبازی کے مواد کے استعمال سے بچوں کو روکنے اور ڈھول وغیرہ نہ بجانے کی ہدایت کی اور کہا ۔ کہ ایسے مواقع سے منشیات کے فروغ میں مدد ملتی ہے ۔ لہذا اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے پیش نظر ان پر نظر رکھیں ۔ ڈی ایس پی محمد ظفر نے کھلی کچہری منعقد کرنے اور معاشرے کی اصلاح کے سلسلے میں اقدامات اُٹھانے پر اے وی ڈی پی کی تعریف کی ۔ انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انجان لوگوں کو رہائشی مکانات نہ دینے کے بارے میں ہدایت کی ۔کہ ایسے افراد کے بارے میں پولیس کو بروقت اطلاع دیں ۔ تاکہ چترال کا پُر امن معاشرہ کسی تخریب کاری کا شکار نہ ہو ۔ علاقے کے عمائدین نے ایس ایچ او ایون آمان اللہ کی تما تر کو ششوں کو سراہا ۔ اور کہا ۔ کہ موصوف کمیونٹی پولیسنگ کی شاندار مثال پیش کر رہے ہیں ۔

ayun khole kachehri ayun khole kachehri awaz forum

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
2235