Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں تیتر کے شکار کے سیزن-18 2017 کے لئے طریقہ کارکااعلان۔

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپور.ٹ ) محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا نے تیتر شکار پالیسی کے تحت خیبرپختونخوا میں تیتر کے شکار کے سیزن-18 2017 کے لئے طریقہ کارکااعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تیترکے شکار بشمول سی سی تیتر، کالا تیتر، خاکستری یابھورا تیتر اور چوکورتیتر کے شکارکی اتوار 26 نومبر 2017 سے اتوار 4 فروری 2018 تک کیا جاسکے گا اور گیمز ریزروز، پرائیویٹ گیم ریزروز اورکمیونٹی گیم ریزور کے محفوظ شدہ علاقوں میں شکار کی اجازت نہیں ہوگی۔شکار کی اجازت صرف اتوار او ر مشتہر شدہ سرکاری تعطیلات کے دوران ہوگی۔گیم ریزرو میں شکار کی اجازت قوائد وضوابط کے مطابق چیف کنزرویٹر جنگلی حیات خیبر پختونخواکے جاری کردہ خصوصی پرمٹ سے ہی ہوگی۔ گیم ریزروز میں تیتر کی آبادی کو باقائدگی سے مانیٹر کیاجائیگا اور جب بھی مناسب سمجھا گیا تو خصوصی پرمٹ کااجراء بند کردیا جائیگا۔ زیادہ سے زیادہ بیگ کی حد تیتر کی تمام اقسام کے پرندوں کے لئے فی بندوق فی دن پانچ پرندوں سے زیادہ نہیں ہوگی۔ رولز کے مطابق بیگ کی حدسے زیادہ ہر ایک پرندے کے لئے 1200/- روپے کے مساوی وصول کئے جائیں گے۔ ایک گیم ریزرو/ یونٹ میں ایک شکارکے دن کوزیادہ سے زیادہ 2 ھنٹنگ پارٹیوں کو اجازت ہوگی (جن میں ایک پارٹی میں پانچ بندوقوں سے زائد نہیں ہونی چاہئیے)۔گیم ریزرو میں شکار کی اجازت صرف متعلقہ ولیج کنزرویشن کمیٹی (VCC) کی رضامندی کے بعدہوگی۔ پرائیویٹ گیم ریزرو میں شکار کی اجازت صرف اس کے متعلقہ مالک کی رضامندی کے بعد ہوگی جبکہ خصوصی پرمٹ فیس ایک دفعہ جمع ہونے کے بعد قابل واپسی نہیں ہوگی۔ مؤثر شوٹنگ لائسنس کے بغیر کسی فرد کو کوئی خصوصی پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا اورکسی فرد کوایک سنگل دن کو ایک سے زیادہ گیم ریزرو یایونٹ میں شکار کے لئے کوئی خصوصی پرمٹ جاری نہیں کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ شوٹنگ سیزن 2017-18 کے دوران مختلف لائسنسز / خصوصی پرمٹس کے لئے فیسوں کا بھی اعلان کیاگیا ہے جس کے مطابق سمال گیم شوٹنگ لائسنس کے لئے 2000/- روپے سالانہ اورگیم ریزرو میں شوٹنگ کے لئے خصوصی پرمٹ فیس3000/- روپے فی دن چارج کی جائے گی جبکہ کتازیرقبضہ رکھنے کیلئے فیس 1000/- روپے سالانہ ہوگی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ گیم ریزرو میں شوٹنگ کے لئے خصوصی پرمٹس کی نوے فیصد فیس مقامی کمیونٹیز کواداکی جائے گی اور متعلقہ کمیونٹی اس ریوینو کو کنزرویشن اورترقیاتی کاموں کے لئے بروئے کارلائے گی جبکہ بقیہ دس فیصد فیس مذکورہ محکمے کی ریونیو کی مدمیں جمع کی جائے گی۔ اس امر کااعلان چیف کنزرویٹر جنگلی حیات خیبرپختونخوا کی جانب سے ایک مراسلے میں کیاگیا۔


شیئر کریں: