Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

AKU-EB، اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کے لیے تقریب تقسیم اسناد

شیئر کریں:

AKU-EB، ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کے لیے تقریب تقسیم اسناد

کراچی ( چترال ٹائمز نیوز ) آغا خان یونیورسٹی۔ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یو۔ای بی) نے پاکستان بھر سے سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ (ایس ایس سی) اور ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ(ایچ ایس ایس سی) میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے کراچی میں تقریب تقسیم اسناد منعقد کی۔مختلف مضامین میں بہترین نمبرز حاصل کرنے والے ، مجموعی طور پر پوزیشن لینے والے اور مضامین کے گروپس میں بہترین نمبرز لینے والے طلبا میں انعامات و اسناد تقسیم کی گئیں۔ اے کے یو کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن محترم جناب منور حمید نے ان ہونہار طلبا کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ طلبا اب زندگی کی مشکل مہمات سر کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ، ’’اب آپ اپنی زندگی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔تنقیدی سوچ اور مسائل حل کرنے کی جو صلاحیت آپ نے حاصل کی ہے اس نے نہ صرف آ پ کو ایک اعلی تر تعلیمی سفر کے لیے تیار کیا ہے بلکہ مجموعی طور پر زندگی اور آنے والے وقت کے مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار کیا ہے۔‘‘ اوکسفرڈ یونیورسٹی پریس ، پاکستان کی مینیجنگ ڈائریکٹر محترمہ امینہ سید اس تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔انھوں نے اس موقعے پر بات کرتے ہوئے کہا، ’’ اے کے یو۔ای بی کے تحت معیاری تعلیم حاصل کرنے والے طلبا خوش قسمت ہیں اور یہ تعلیم ایسے علاقوں کے طلبا و طالبات حاصل کر رہے ہیں جہاں اس کی اشد ضرورت ہے۔ اے کے یو۔ای بی ملک بھر میں رائج تعلیم کے اوسط معیار میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور یہی وہ سب سے زیادہ متاثر کن طریقہ ہے جس کی مدد سے پاکستان میں سماجی تبدیلی ممکن ہے۔ ‘‘یہ مسلسل چوتھا سال ہے جب ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی دونوں امتحانات میں طالبات نے تینوں پوزیشنز حاصل کی ہیں۔ ایچ ایس ایس سی میں اول پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ مریم سجاد کا تعلق آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی سے ہے۔ انھوں نے اس موقعے پر بات کرتے ہوئے کہا، ’’ میں محسوس کرتی ہوں کہ اے کے یو۔ای بی کے تحت امتحان دینے سے مجھ میں تجسس اور علم کی پیاس پیدا ہوئی ہے۔ علم کے اطلاق کے طریقہ کار کے باعث مجھ میں روزمرہ زندگی میں کتابی علم کے اطلاق کی صلاحیت و مہارت پیداہوئی ہے۔‘‘ مریم سجاد نے نہ صرف پری میڈیکل گروپ میں اول پوزیشن حاصل کی ہے بلکہ بائیولوجی، فزکس اور اردو لازمی کے مضامین میں سب سے زیادہ نمبرز بھی حاصل کیے ہیں۔ اس سے قبل انھوں نے سال 2015 کے ایس ایس سی امتحانات میں بھی اول پوزیشن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سائنس گروپ میں اول پوزیشن اور تین مضامین میں بہترین نمبرز حاصل کیے تھے۔اے کے یو۔ای بی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد جیوانے تقریب میں شامل طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’خواہ اے کے یو۔ای بی کے نمایاں طلبا میں آپ کا نام شامل نہ بھی ہو، آپ نے ایک ایسے بورڈ کے تحت تعلیم حاصل کی ہے جہاں شفافیت اور ایمانداری سے امتحانات کی جانچ کی جاتی ہے اور یہی اس بورڈ کا مطمع نظر اور خاصہ ہے۔ ‘‘

AKU EB HA PIC 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
1980