Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر بلدیا ت عنایت اللہ کی ضلعی حکومتوں کو ترقیاتی فنڈز کی پہلی قسط جلد از جلد جاری کرنے کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے سینیئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے ضلعی حکومتوں کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو پہلی قسط جلد از جلد جاری کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ترقیاتی کام بروقت شروع کرکے معینہ مدت کے اندر مکمل کیے جاسکیں۔ وہ بدھ کے روز پشاور میں مقامی حکومتوں کے ترقیاتی فنڈز کے اجراء کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر ہے تھے ۔ اجلاس میں سیکر ٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ ،سپیشل سیکر ٹری بلدیات شرافت ربانی،ڈپٹی سیکر ٹری خزانہ حمید الرحمان اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مقامی حکومتوں اور تحصیل میونسپل اید منسٹریشن کے ترقیاتی فنڈز کے استعمال اور ترقیاتی منصوبوں اور ان پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پرمقامی حکومتوں کو سال 2016-17کے فنڈز کی پہلی قسط کے جلد از جلد اجراء جبکہ باقی تین اقساط کو شفاف طریقے سے استعمال میں لانے اور کارکردگی کی بنیادپر تقسیم کو یقینی بنانے کا ہدف بھی دیا گیا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 2015-16میں صوبے کے 25اضلاع کو 8,565.870ملین روپے ریلیز کئے گئے تھے جس میں ترقیاتی سکیموں کی مد میں 3,050.675ملین روپے استعمال ہوئے جو کل رقم کا 36فیصد بنتا ہے جبکہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو 4510,59 ملین روپے جاری کئے جن میں سے 2038.96ملین روپے استعمال کئے جو کل رقم کا 57فیصد بنتا ہے۔ اسی طرح ویلج نیبر ہیڈ کونسلز کو8,565.87ملین روپے جاری ہوئے جن میں3,050,635 ملین روپے کی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی گئی ہیں جو کہ کل رقم کا 35فیصد ہے۔اس موقع پر سینئر وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں تاکہ مقامی حکومتیں بہتر طور پر عوام کی خدمت کرسکیں اور مفاد عامہ کی سکیموں کی تکمیل میں مزید تاخیر نہ ہو۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
1857