Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نئے ضلع کا اعلان خوش آئندہ ہے، مگر اس کے ساتھ تورغر جیسا سلوک کے بجائے عملی طور پر کام کیا جائے۔ افتخار

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال سے ایم این اے شہزادہ افتخار الدین نے سب ڈویژن مستوج کو ضلع کا درجہ دینے پر صوبائی حکومت، عمران خان اور وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپر چترال کے عوام کا درینہ مطالبہ پورا کرکے پی ٹی آئی کی حکومت نے بہت مثبت قدم اُٹھایا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت اس ضلع کو تورغر جیسا ضلع نہیں بنائے گی۔ چترال ٹائمز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چترال صوبے کا سب سے بڑا ضلع تھا اور اب اپر چترال کا ضلع رقبے کے لحاظ سے صوبے کا سب سے بڑا ضلع ہوگا۔ جس کی انتظامی مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت کو سنجیدگی کے ساتھ عملی کا م کرنا ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ کریم آباد، مدک لشٹ شیشی کوہ ، ریچ ، تریچ ودیگر علاقوں کی سڑکیں سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں دینے کیلئے وزیر اعلیٰ کی واضح ہدایت کے باوجود ابھی تک اس پر عملی کام نہیں ہوا ہے ۔اور یہ مسئلہ کئی سالوں سے التوا کا شکار ہے۔ جس کی وجہ سے ان علاقوں کے عوام انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں ۔ لہذا صوبائی حکومت کو ضلع کے اعلان کے ساتھ ان مسائل کے حل کیلئے عملی کام کرنا ہوگا۔

شہزادہ افتخار الدین نے مذید بتایا کہ انھوں نے وفاقی وزیر انرجی اینڈ پاور اویس لغاری سے ملاقات کرکے گولین گول سے سب ڈویژن مستوج کے ساتھ گرم چشمہ اور مدک لشٹ کو اضافی فیڈر دینے کیلئے دوبارہ یاد دہانی کی ۔ جس پر وفاقی وزیر نے موقع پر چیف ایگزیکٹیو پیسکو سے ٹیلی فونک گفتگو کرکے انھیں تین دن کے اندر ان علاقوں کو بجلی دینے کیلئے حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ اورساتھ سیکریٹری پاؤر کھوکرکو واپڈا، پیسکو اور پیڈو کے اعلیٰ حکام کا ایک مشترکہ میٹنگ اگلے ہفتے بلانے کی ہدایت کی تاکہ ان کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دیکر سب ڈویژن مستوج کو گولین ہائیڈل پاور پراجیکٹ سے بجلی دیا جاسکے۔ ایم این اے نے بتایا کہ چترال ٹاون اور دروش و دیگر ملحقہ علاقوں کو بجلی دینے کی حتمی منظوری ہوچکی ہے۔


شیئر کریں: