Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور عمران خان کا دورہ چترال کی تاریخ میں دوررس اثرات کے حامل ہوگا۔۔سرتاج احمد خان

Posted on
شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سرتاج احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا دورہ چترال اور اس ضلعے کو ترقی سے ہمکنار کرنے اور پسماندگی کو دور کرنے کے لئے متوقع اعلانات اس ضلعے کی تاریخ میں بہت ہی اہم اور دوررس اثرات کے حامل ہوں گے اور اس ناطے چترال چیمبر آف کامرس دوسرے تمام سول سوسائٹی تنظیموں کی طرف سے چترال کے عوام سے اس جلسہ عام میں پارٹی و ابستگیوں سے قطع نظر جوق درجوق شمولیت کی درخواست کی جاتی ہے۔ منگل کے روزچترال پریس کلب میں چیمبر کے دیگر عہدیداروں اتالیق حیدر علی شاہ، حاجی محمد خان، منظور احمد ، حکیم مجیب اللہ، حاجی انذر گل، حاجی سلطان محمد خان اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چترال کے عوام سیاسی طور پر بیدار اور باشعور ہیں اور اپنے مہمانوں کا استقبال تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کرتے آرہے ہیں اور اب وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور دوسرے مہمانوں کی استقبال کے لئے اپنی پلکیں بچھائے ہوئے ہیں اور ایک فقید المثال استقبال چترال میں ان کا منتظر ہے۔ انہوں نے چترال میں تجارتی برادری کے نقصانات کے ازالے کے لئے ای آر کے ایف اسکیم کو چترال میں توسیع دینے ، چترال یونیورسٹی کا قیام عمل میں لانے اور چترال کی ترقی کے لئے کئی اور تاریخی اقدامات پر چیف منسٹر کا چترال چیمبر آف کامرس کی طرف سے خصوصی شکریہ اداکیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ بدھ کے روز چترال کے جلسہ عام میں ہونے والے اعلانات کو عملی شکل دینے میں کوئی کوتاہی نہیں ہوگی ا ور اس سلسلے میں چترال کے منتخب نمائندگان قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلع ناظم اپنا کردار ادا کریں گے اور ان اعلانات پر عملدرامد میں کوئی حدشات چترالی عوام کو درپیش نہیں ہوں گے۔

sartaj ahmad president chamber of commerce chitral2
اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں اور ایگزیکیٹو ممبران کے ایک اجلاس میں اس امر پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا گیا کہ چترال کو دو ضلعوں میں تقسیم کرنے سے علاقے کے مسائل حل ہونے کے ساتھ انتظامی مسائل میں بھی کافی حد کمی آئیگی ۔ اور ساتھ چترال چیمبرکی درخواست پر چترال ٹی ایم اے کیلئے ٹینکرز مہیا کرنے اور سڑکوں کی مرمت پر وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیمبر کے ممبران وزیر اعلیٰ سے الگ ملاقات کریں گے اور چترال کے چیدہ مسائل خصوصا کاروباری افراد کے مشکلات سے انھیں اگاہ کیا جائیگا۔

sartaj ahmad chitral


شیئر کریں: