Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں الیکٹرانک بڈنگ کا اجراء، مشیر اکبر ایوب نے افتتاح کیا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبرایوب خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں معیار اور شفافیت کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کی ہیں ماضی میں شاہراہیں تعمیر کے فوری بعدیا صرف ایک بارش سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی تھیں مگر اب ہماری تعمیر شدہ شاہراہیں اور عمارتیں آئندہ کئی عشروں تک سلامت رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے شاہراہوں کی تعمیر میں پہلی بار انفارمیشن اور جیو ٹیکنالوجی متعارف کی ہے جس کی بدولت حکام اور انجینئرز کو تعمیر و مرمت میں تیزی کے علاوہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور ٹریفک کی صورتحال کا فوری اندازہ ہو جاتا ہے اور اس پر کنٹرول میں بھی آسانی ہوتی ہے وہ سی اینڈ ڈبلیو سیکرٹریٹ پشاور میں الیکٹرانک بڈنگ کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے تقریب میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے اعلیٰ افسران اورکنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔سیکرٹری مواصلات انجینئر محمد آصف خان اور سپرنٹنڈنگ انجینئرسنیٹر محمد ایوب خان نے اس موقع پر بتایا کہ ای بڈنگ کی بدولت آئندہ تعمیراتی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کو ٹھیکوں کے اصول کے لئے طویل کاغذی کارروائی سے گزرنے کی بجائے ٹینڈرنگ کا کام آن لائن ونڈو میں نمٹانے کی سہولت مل جائے گی جس سے سرخ فیتے اور کرپشن کی روایات قصہ پارینہ بن جائیں گی اور محکمے میں میرٹ اور شفافیت کا بول بالا ہوگا۔اکبر ایوب خان نے محکمے کی کارکردگی اور پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی فعال قیادت میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سرکاری مشینری میں شفافیت اورغیر کاغذی ماحول کی طرف واضح پیش رفت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سی اینڈ ڈبلیو کی تاریخ میں انقلابی اقدامات کئے ہیں انہوں نے کہا کہ ای۔ ٹینڈرنگ کے بعد اب ای بڈنگ کا افتتاح کیا گیا جبکہ اگلے مرحلے میں ٹھیکیداروں اور کمپنیوں کی سہولت کے لئے ای بلنگ کا سسٹم بھی شروع کیا جا رہا ہے جس کی بدولت انہیں ادائیگیوں کا کام بھی فوری اور آسان بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شعبہ مواصلات کی ترقی اوراس میں شفافیت کے فروغ میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور وقت کا تقاضہ بھی ہے کہ سسٹم کو نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں پہلے سے یہی نظام رائج ہے مگربدقسمتی سے سابقہ حکومتوں نے اس طرف خاص توجہ نہیں دی بلکہ کرپشن کا بازار گرم رکھا اور قومی دولت کو اپنی جیبوں میں ڈالنے کے لئے کمیشن مافیا کو تقویت دی جس کے باعث ہرکام تاخیر سے ہوتاتھا ۔ریٹ Evaluation اورBidding پرکئی مہینے گزرتے تھے اب الیکٹرانک بڈنگ نظام سے منٹوں میں سارا کام ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خواہش ہے کہ الیکٹرانک بڈنگ کو سی اینڈ ڈبلیو کے بعد تمام صوبائی محکموں میں لاگو کیاجائے۔ اس سلسلے میں اگلے ہفتے محکمہ آبپاشی اورمحکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں E-Bidding شروع کی جا رہی ہے ۔اکبر ایوب خان نے کہا کہ E-Bidding کے بعد جلد E- Billing کو بھی متعارف کیاجا رہا ہے تاکہ عوام اور ٹھیکدار آن لائن گھریا اپنے دفتر میں بیٹھے Bidding میں حصہ لے سکیں اوران کو دفتروں کے چکر کاٹنے اور طویل کاغذی کارروائی سے نجات مل جائے۔ اس سے محکمہ ،عوام اورٹھیکداروں اورصوبے کو فائدہ ہوگا۔

Khyber Pakhtunkhwa Special Assistant to Chief Minister on CW Akbar Ayub Khan


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
996