Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر تعلیم کی یقین دہانی پراین ٹی ایس اساتذہ نے اپنی مستقلی کے لئے29اکتوبرکو ہونے والا دھرنا ملتوی کردیا۔

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے اساتذہ نے خیبر پختونخواکے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان کی یقین دہانی پر اپنی مستقلی کے لئے29اکتوبر 2017کو ہونے والا بنی گالہ میں اعلان کردہ دھرنا فوری طور پر ملتوی کر دیا ہے اور اپنی ڈیوٹی جاری رکھنے کا اعلان کیاہے۔یہ اعلان این ٹی ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ایاز علی خان کررہے تھے نے جمعہ کے روز پشاورمیں وزیرتعلیم کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔اس موقع پردوسروں کے علاوہ آل ٹیچرز کوآرڈینیشن کونسل کے صوبائی صدمحمدوہاب منصوری، کونسل کے صوبائی ممبران محمد شیر خان اور بخت افسرخان،این ٹی ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن ملاکنڈ کے صدر جوہر زمان اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔وزیر تعلیم نے موقع پرہی اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے رابطہ کیااور سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری قانو ن کو ہدایت کی کہ وہ این ٹی ایس اساتذہ کی مستقلی کا عمل ایمرجنسی بنیادوں پر 30دنوں میں مکمل کریں۔ عاطف خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے کی تاریخ میں این ٹی ایس کے ذریعے 40ہزاراساتذہ خالصتاً میرٹ پربھرتی کئے اور مزید 16ہزار عنقریب اس طریقہ کار پر بھرتی کررہے ہیں جس پر انہیں فخر ہے کیونکہ آج تک کوئی ان بھرتیوں پر انگلی نہیں اٹھا سکا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ اساتذہ ماضی کے برعکس خالصتاً میرٹ پر بھرتی ہوئے ہیں اس لئے ان کی مستقلی کا حق بنتاہے اور وہ پہلے ہی اس کیلئے ہدایات جاری کر چکے ہیں۔


شیئر کریں: