Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ویلج کونسل جمہوریت کی بنیادی اکائی ہے ۔ چترال کی خوبصورتی میں اپنے حصہ کا کردار ادا کریں۔۔ ارشاد سدھیر

شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) ڈپٹی کمشنر چترال ارشادسدھیر نے کہا ہے ۔ کہ ویلج کونسل بنیادی اکائی ہے ، کونسلرز اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کریں گے ۔ تو جمہوریت مستحکم نہیں ہو گی ، مجھے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بطور ڈپٹی کمشنر چترال میں تعینات کیا گیا ہے ، اس لئے میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں ۔ کہ ایسے منصوبے تعمیر کئے جائیں ۔ جن سے عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ ہو ۔ صرف منصوبے ظاہر کرکے سرکاری فنڈ کا ضیاع نہ ہو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ضلع کونسل ہال چترال میں آل ناظمین اور کونسلرز کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ ، اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم کے علاوہ بلدیاتی ممبران ، ناظمین اور کونسلرز کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا ،کہ چترال کو بہت زیادہ چیلینجز کا سامنا ہے ۔ باوجود اس کے کہ یہاں بہت سارے سرکاری ادارے کام کررہے ہیں ۔ لوگوں کو مختلف شعبوں میں مسائل کا سامنا ہے ۔ جبکہ یہاں سرکار کے ساتھ ساتھ این جی اوز بھی کام کر رہے ہیں ۔ لیکن ان لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے ۔ کہ جو پیسے این جی اوز کو مل رہے ہیں ۔ وہ چترال کے نام پر مل رہے ہیں اس لئے یہ کسی پر احسان نہیں ہے ۔ اور وہ ادارے چترال کیلئے ملنے والے فنڈز کو سو فیصد چترال کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے خرچ کرنے کے ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں رہنے والا ہر فرد ٹیکس ادا کرتا ہے ۔ جو اشیاء خوردونوش اور اشیاء ضروریہ کی خریداری پر وصول کی جاتی ہے ۔ اس لئے کسی بھی سرکاری فنڈ کو اقرباء پروری اور کرپشن کی نذر ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پبلک فنڈ کو بغیر سوچے سمجھے استعمال کرنا بد دیانتی ہے ۔ اور فنڈ وہاں استعمال کیا جائے ۔ جہاں لوگوں کو سہولت ملے ۔ صرف پراجیکٹ کرنا مقصود نہ ہو ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ جو بھی ٹھیکہ دار کام نہیں کرے گا ۔ اُس کو دوسروں کیلئے نشان عبرت بنایا جائے گا ۔ کسی بھی قسم کی رو رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں بہت سارے ادارے سو رہے ہیں ۔ جنہیں ہم نے جگانا شروع کر دیا ہے ۔ ہمارے ساتھ وہ سرکاری آفیسران رہیں گے ۔ جو کام کرنا چاہتے ہیں ۔ بصورت دیگر اُن کو ہم لواری ٹنل کے اُس طرف ہی روک دیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کی ایک منفرد خوبصورتی ہے ۔ اور یہ سیاحوں کی دلچسپی کی سرزمین ہے ۔ اس میں ماحولیاتی آلودگی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ہمیں شاپنگ بیگز کی جگہ کپڑے کے تھیلے استعمال کرنے پڑیں گے ۔ اور گلی کوچوں میں موجود کچروں کو ٹھکانے لگا نا ہو گا ۔ جس کا ہم نے آغاز کر دیا ہے ۔ اور صفائی کی مہم جاری ہے ۔ انہوں نے ناظمین سے کہا ۔ کہ اُن کے بجٹ میں صفائی کی مد میں فنڈ موجود ہے ۔ جنہیں صرف صفائی پر استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وہ چترال کے اندر ڈسٹ بین لگانے اور کچروں کی ری سائکلنگ کرکے کارآمد بنانے کے سلسلے میں کام کر رہے ہیں ۔ جن کے انشا ء اللہ بہتر نتائج نکلیں گے ۔

صدر محفل ضلع ناظم مغفرت شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چترال کی تعمیرو ترقی کیلئے ہم نے باوجود سیاسی اختلافات کے سابق صدر پرویز مشرف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا شاندار استقبال کیا ۔ اور ان ہی کوششوں اور چترال کی روایتی مہمان نوازی کی بدولت لواری ٹنل سمیت چترال میں کئی میگا پراجیکٹ حاصل کرنے میں ہمیں کامیابی ملی ۔ اور الیکشن کے بعد ہمارا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے ۔ کہ چترال کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ایک کے در پر دستک دیں ، اور آنے والے مہمانوں کا پارٹی وابستگی سے بالا تر ہو کر استقبال اور مہمان نوازی کریں ۔ انہوں نے کہا ،کہ ڈپٹی کمشنر نے چترال کی تعمیرو ترقی کے حوالے سے جس جذبے کا اظہار کیا ہے ۔ ہم اس کے دست وبازو بن کر ان مقاصد کے حصول میں مددگار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ویلج کونسلرز کنٹریکٹر کے ہاتھ میں بے بس ہیں ۔ اور ناقص سسٹم نے بے شمار مسائل پیدا کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں سی ڈی ایل ڈی کے حوالے سے کافی اعتراضات تھے ۔ اب ہر یوسی میں ویلج ڈویلپمنٹ پلان کی تیاری کے بعد ترجیحات کے مطابق ان منصوبوں پر کام کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اسڑیٹجی کے تحت پاکستان پاورٹی ایلویشن فنڈ دسمبر تک چترال میں کام شروع کرے گا ۔ جس کا دورانیہ دس سالوں پر محیط ہو گا ۔ اس سے چترال کے بہت سارے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ ضلع ناظم نے کہا ۔ کہ چترال شہر کی گلی کوچوں کو صاف رکھنے اور کچرا اُٹھانے کیلئے پانچ موٹر سائیکل کچرا گاڑی خریدے جائیں گے ۔ ان سے تنگ گلیوں سے کچرا اُٹھانے میں سہولت ہوگی ۔ انہوں نے ناظمین اور کونسلرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ آپ انتہائی ذمہ دار لوگ ہیں ۔ لیکن سسٹم کرپٹ ہے ۔ آپ کو اس کرپٹ سسٹم میں رہ کر عوام کیلئے کام کرنا پڑے گا ۔ گو کہ اس میں اپنے دامن کو صاف رکھنا مشکل ہے ۔ لیکن اپنے اللہ کو راضی کرنے کیلئے یہ جدو جُہد کرنی پڑے گی ۔ قبل ازین ضلع نائب ناظم مولانا عبد الشکور ، آل ناظمین فورم چترال کے صدر سجاد احمد اور جنرل سیکرٹری نوید احمد بیگ نے بھی خطاب کیا ۔

district nazim maghfirat shah chitral

village nazimin chitral village nazimin chitral2 village nazimin chitral22


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
754