Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کرپشن اور پاکستانی…. تحریر :آرنری کیپٹن ریٹائرڈ سلطان الدین مستوج

Posted on
شیئر کریں:

کرپشن کے حوالے سے پاکستان میں سیاستدانوں ، سرکاری محکموں ، سرکاری آفیسروں ، اہلکاروں کو ملوث کیا جاتا ہے ۔ یہ بالکل حقیقت پر مبنی ہے ۔ کہ ہمارے ادارے کرپشن ،بد عنوانی ، اقرباء پروری میں عالمی سطح پر بہت سے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ، اور سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اب بھی روزانہ اربوں روپے کی کرپشن کی جاتی ہے ۔مگر یہ بھی حقیقت ہے ۔ کہ عوامی سطح پر بھی کرپشن کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ کرپشن کسی ایک سطح پر کوئی ایک طبقہ ہی نہیں کرتا ، بلکہ اس مرض میں ہر عمر ہر طبقے کے لوگ کسی نہ کسی طریقے سے ملوث ہیں ۔ مثلاً ناجائز منافع خوری ، ملاوٹ ، رشوت ، چوری چکاری ، سمگلنگ اور جھوٹی گوہی وغیرہ عوامی سطح پر ہونے والی کرپشن ہیں ۔ ہمارے پیارے ملک پاکستان میں چند سالوں سے کرپشن کا مسئلہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی زینت بنی رہتی ہے ۔ روز عدالتوں میں اس حوالے سے کسی نہ کسی سیاستدان کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کی خبریں ہم سُنتے آرہے ہیں ۔ مگر افسوس کہ اسے ختم کرنے کیلئے کوئی موثر اقدام تاحال نہیں اُٹھایا گیا ۔ جس سے کرپٹ افراد کے حوصلے اور بھی بُلند ہو رہے ہیں ۔ صدر پاکستان فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کے دور حکومت میں اس سلسلے میں قانون سازی کی گئی تھی ۔ لیکن وہ بھی کرپشن کا راستہ نہ روک سکا ۔ اُس کے بعد ہمارے ملک میں مختلف این جی اوز آئے تاکہ ہماری ترقی کے کام انجام دے کر ہمیں سہولت فراہم کر سکیں ۔ لیکن ستم ظریفی یہ ہے ۔ کہ این جی اوز کی ان خدمات کی بھی ہم نے قدر نہیں کی ۔ یوں اس طریقے سے بھی کرپشن میں بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھنے کو ملا ۔ پھر افغان مہاجرین کی بہت بڑی تعداد ملک میں بس گئی ۔ اور اُن کیلئے بھاری فنڈ مملکت پاکستان کو دیے گئے ۔ جس میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی ۔ اور وہ کرپشن میں مزید اضافے کا سبب بنا ۔ اب مجموعی طور پر حالت یہ ہو گئی ہے ۔ کہ 90فیصد لوگ چاہے وہ جس شعبے سے بھی تعلق رکھتے ہیں ۔ وہ کرپٹ ہو گئے ہیں ۔ البتہ 10فیصد لوگ تاحال کرپشن سے پاک ہیں ۔ لیکن بد قسمتی یہ ہے ۔ کہ دس فیصد کرپشن سے پاک لوگ بکھرے ہوئے ہیں ، جبکہ 90فیصد کرپشن میں ملوث لوگ متحد ہیں۔ اس لئے اگر کوئی اس ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کا سوچتا ہے ۔ تو اُسے سب سے پہلے ان 10فیصد صاف لوگوں کو متحد کرنا پڑے گا ۔ اور اُسی اتحاد کے پلیٹ فارم سے کرپشن ختم کرنے کیلئے جدو جہد کرنی پڑے گی ۔ بصورت دیگر مملکت پاکستان کے باسیوں کے اندر کرپشن نے جس طرح اپنے لئے جگہ بنا لی ہے ۔ اُس کا خاتمہ ممکن نہیں ۔لیکن ہمیں یہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ کہ کرپٹ لوگ ہی کرپشن کے خاتمے کے بارے میں باتیں کرتے نظر آتے ہیں ۔ اور اتنی ڈھٹائی سے خود کو فرشتہ کی مثال پیش کرتے ہیں ۔ کہ دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے ۔


شیئر کریں: