Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پورے صوبے میں ویکسینیٹرز کی موثر اور بروقت نگرانی یقینی بنانے کیلئے تین ہزارسمارٹ فونز فراہم کر دیے گئے

Posted on
شیئر کریں:

پشا ور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) پورے خیبر پختونخوا میں ویکسینیٹرز کی موثر اور بروقت نگرانی یقینی بنانے کیلئے تین ہزار ای پی آئی ویکسینیٹرز کو منگل کے روز سمارٹ فونز فراہم کر دیے گئے۔صوبائی محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے اپنے تین ہزار ویکسینیٹرز کو یہ سمارٹ فونز فراہم کئے۔یہ سمارٹ فونز ایک آن لائن ڈیش بورڈ سے منسلک ہوں گے اور تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور ای پی آئی ویکسینیٹرز کو ان تک رسائی حاصل ہو گی اور ہر ایک ویکسینیٹرز کی کارکردگی بھی آن لائن مانیٹر کی جا سکے گی،تمام ویکسینیٹرز کو ایک مانیٹرنگ فریم ورک کے اندر لانے کیلئے مفاہمت کی ایک یاداشت ( ایم او یو ) پر منگل کے روز صوبائی محکمہ صحت خیبر پختونخوا اور ٹیلی نار پاکستان کے مابین دستخط کئے گئے جبکہ ایم او یو کی دستخطی تقریب میں صوبائی سیکرٹری محکمہ صحت عابد مجید اور محکمہ صحت اور ٹیلی نار پاکستان کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت عابد مجید نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے کثیر تعداد میں ویکسینیٹرز کی پوسٹیں پیدا کی ہیں جبکہ صوبے کی ہر یونین کونسل میں عالمی معیار سے زیادہ ویکسینیٹرز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اپنے ویکسینیٹرز کو موٹر سائکلیں فراہم کر دی تھیں جس کے بعد ہمیں فیلڈ ورکرز پر خاص نظر رکھنے کیلئے ایک جدید طریقہ کار کی ضرورت تھی جس کیلئے سمارٹ فونز کے ذریعے آن لائن مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا گیا۔عابد مجید نے زور دیا کہ ویکسینیٹرز کی تنخواہ ان کی کارکردگی سے منسلک ہونی چاہئیے اور ہر ویکسینیٹر کو اپنی ظاہر کردہ کارکردگی پر ہی تنخواہ حاصل کرنے چاہئیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو اس کو ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کی مانیٹرنگ کیلئے بھی آزمایا جائے گا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نقشہ، اس آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کا ایک دلچسپ فیچر ہے جو ویکسین پلائے جانے والے اور رہ جانے والے علاقوں کو مہینے کے آخر میں ظاہر کرے گا اور اس طرح سے حفاظتی ٹیکہ جات کے اگلے راؤنڈ میں رہ جانے والے علاقوں کو ترجیح دی جائے گی،صوبائی ڈیش بورڈ کے ساتھ ساتھ تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کے بھی اپنے متعلقہ آن لائن ڈیش بورڈ ہوں گے جہاں سے وہ اپنے متعلقہ ویکسینیٹرز کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔ مفاہمت کی یاداشت ( ایم او یو ) پر ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر عبد الحمید آفریدی اور ڈائریکٹر بزنس ٹو بزنس ٹیلی نار عاطفہ اصغر نے دستخط کئے۔ٹیلی نار کی جانب سے فراہم کردہ سمز (Sims)میں4GB انٹرنیٹ ڈیٹا، تمام نیٹ ورکس کیلئے 300 منٹس اور 500ایس ایم ایس کا پیکج شامل ہو گا۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ صحت عابد مجید نے مذکورہ سمارٹ فونز ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کے حوالے کئے جو انہیں متعلقہ ویکسینیٹرز کے مابین تقسیم کریں گے۔


شیئر کریں: