Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آل پاکستان مسلم لیگ ضلع چترال کے تمام عہدیداران احتجاجی طورپرمستعفی

Posted on
شیئر کریں:

چترال(بشیر حسین آزاد) آل پاکستان مسلم لیگ ضلع چترال کے تمام عہدیداروں نے پارٹی امور میں مرکزی اور صوبائی قیادت کی طر ف سے بار بار نظر انداز کرنے پر احتجاجی طور پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ اس سلسلے میں آل پاکستان مسلم لیگ ضلع چترال کا ایک ہنگامی اجلاس پیر کے دن شہزادہ خالد پرویز کی صدارت میں چترال ٹاون کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر سے آل پاکستان مسلم لیگ کے عہدیداروں اور ورکرز نے شرکت کی ۔اجلاس میں ضلعی صدر شہزادہ خالد پرویز کے علاوہ منیر احمد سینئر نائب صدر، صدیق احمد سیکریٹری ، محمد ولی شاہ سیکرٹری اطلاعات و فنانس، حاجی میر گلزار ضلعی جنرل سیکریٹری، نواب خان صدر تحصیل گرم چشمہ ، حاجی نعزنین صدر دروش، حاجی غفار خان، سفیر اللہ جنرل سیکریٹری تحصیل مستوج، شرف الدین سینئر نائب صدر سب ڈویژن مستوج، قمر الدین شاہ ، کشافت یونس صدر سب ڈویژن مستوج ، میر رحیم نائب صدر چترال ،حصول بیگم صدر خواتین ونگ چترال ودیگر شامل تھے۔ اجلاس میں متفقہ طورپر ایک قرار داد منظور کی گئی ۔ جس میں اس امر کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی کہ بار بار صوبائی اور مرکزی قیادت کی طرف سے ضلع چترال کے پارٹی عہدیداروں کو تبدیل کیا جاتا ہے ۔ اور کبھی کسی کو صدر کسی کو جنرل سیکریٹری مقرر کیا جاتا ہے ۔ مگر کبھی بھی چترال کے مخلص کارکنان سے مشور ہ نہیں کیا گیا ۔جس کی وجہ سے درجنوں مخلص کارکنا ن پارٹی چھوڑکر دوسری پارٹیوں میں شامل ہوگئے۔اور پارٹی کو چترال میں شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ قرارداد میں حالیہ فیصلہ میں بھی پارٹی عہدیداروں اور ورکروں کو نظر انداز کرنے کوپارٹی کے خلاف ایک سازش قرار دیا گیا ۔ اجلاس میں ضلع بھر کے عہدیداروں نے احتجاجی طور پر اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔اور آئندہ کا لائحہ عمل عید کے بعد طے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے اندر ضلعی سطح کے عہدیداروں کو کئی دفعہ تبدیل کیا گیا جس کی وجہ سے ضلعی جنرل سیکریٹری اورمعروف سیاسی شخصیت چئیرمین فیض الرحمن نے بھی درجنوں افراد کو لیکر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اندرونی ذرائع کے مطابق مستقبل قریب میں بھی آل پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی عہدیداران نے پاکستان مسلم لیگ (ن)میں شامل ہونے کا عندیہ دئیے ہیں۔ دریں اثنا چترال کے کارکنان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی خواتین ونگ کے جنرل سیکریٹری تقدیرہ اجمل نے بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے

 


شیئر کریں: