
200 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو ارسال
200 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو ارسال
اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)ملک میں ضروری دواؤں کی عدم دستیابی کے معاملے پر پیشرفت کرتے ہوئے 200 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو بھجوا دی گئی۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عدم دستیاب ادویات کی ترجیحی بنیادوں پر رجسٹریشن کی جائے گی اور 200 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو بھجوا دی گئی۔ماہرین صحت کے مطابق ملک بھر میں اس وقت کئی ضروری اور جان بچانے والی ادویات کی قلت ہے، جس میں انجیوگرافی میں استعمال ہونے والی ڈائی سمیت دماغی اور اعصابی نظام کے علاج کی کئی ضروری ادویات بھی شامل ہیں۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اصلی ادویات کی عدم دستیابی کے باعث جعلی اور اسمگلڈ دوائیں سپلائی کی جا رہی ہیں۔
توہین الیکشن کمیشن کیس، چیئرمین پی ٹی آئی پر 2 اگست کو فرد جرم عائد ہوگی
اسلام آباد(سی ایم لنکس)توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ دے دی گئی۔چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہینِ الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کیس میں ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔الیکشن کمیشن ممبر نثار درانی نے کہا کہ 2 اگست کو فرد جرم عائد کریں گے، آئندہ سماعت پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 2 اگست تک ملتوی کردی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس حکام نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹِ گرفتاری کی تعمیل کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔دورانِ سماعت رکنِ الیکشن کمیشن اکرام اللّٰہ خان نے پولیس حکام سے استفسار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹِ گرفتاری وکیل کو کیوں دیے؟ کیا آپ کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا طریقہ معلوم نہیں؟ چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ کسی اور کو وارنٹ کیوں دیے؟
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، کئی اہم بل کثرت رائے سے منظور
اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون شہادت 1984ء میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں قانون شہادت ترمیمی بل 2023ء ، انسداد نشہ آور اشیا ایکٹ 2023ء پارلیمان نے کثرت رائے سے پاس کرلیا۔اپوزیشن نے بل کی منظوری کے دوران شور شرابا کیا، دوسری طرف حکومت نے والدین کے تحفظ کا بل 2023ء واپس لے لیا۔دوران اجلاس وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایسا ہی ایک بل سینیٹر رانا مقبول کا ایجنڈے پر موجود ہے، رانا مقبول کا بل لے لیا جائے، حکومتی بل واپس لیتے ہیں۔مشترکہ اجلاس میں پیٹرولیم ترمیمی بل2023ء کثرت رائے سے پاس کرلیا گیا، پیٹرول ایکٹ 1934ء میں ترمیم کا بل منظوری کیلیے وزیر پارلیمانی امور نے پیش کیا۔دوران اجلاس پی ٹی آئی کی سینیٹر ڈاکٹر زرقا نے مائیک نہ دیے جانے پر احتجاج کیا۔