18 ہزار غیر قانونی تارکین وطن کی فہرست پختونخوا پولیس کو ارسال، رواں ماہ کے آخر تک ڈی پورٹ کیا جائیگا
18 ہزار غیر قانونی تارکین وطن کی فہرست پختونخوا پولیس کو ارسال، رواں ماہ کے آخر تک ڈی پورٹ کیا جائیگا
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)غیر قانونی مقیم 18 ہزار غیر ملکیوں کی فہرست خیبر پختونخوا پولیس کو ارسال کر دی گئی۔غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز بھی 2 ہزار غیر قانونی مقیم 959 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے۔ 17 ستمبر سے اب تک طورخم بارڈر سے 2 لاکھ 21 ہزار 440 غیر ملکی اپنے وطن جا چکے ہیں۔محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے 18 ہزار غیر ملکیوں کی فہرست صوبائی پولیس کو بھیج دی ہے جس میں 6 ہزار سے زیادہ بچے اور 5 ہزار سے زیادہ خواتین شامل ہیں۔کے پی پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو کئی بار اپنے ملک جانے کا نوٹس دیا لیکن یہ لوگ نہیں گئے، فہرست میں شامل افراد کو رواں ماہ کے آ خر تک ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
لاہور بار ایسوسی ایشن کا تحریک انصاف کے وکلاء سے لاتعلقی کا اعلان
لاہور(سی ایم لنکس) لاہور بار ایسوسی ایشن نے پاکستان تحریک انصاف کے وکلاء سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔سیکرٹری لاہور بار نے کہا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن پروفیشنل وکلاء کی بار ہے، لاہور بار کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتی، اگر کوئی وکیل سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے تو وہ اس کا ذاتی فعل ہے، لاہور بار سیاسی طور پر کسی کے قول فعل کی حمایت نہیں کرتی۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور بار سیاسی الیکشن لڑنے والے وکلاء کی ذمہ دار نہیں ہے، لاہور بار کا مقصد وکلاء کی فلاح وبہبود ہے۔
پنجاب میں ایک ہفتے کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار
لاہور ( چترال ٹائمزرپورٹ)سموگ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر نگران حکومت کا اہم فیصلہ، پنجاب بھر میں ایک ہفتے کے لیے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، ہر شہری کو ایک ہفتے کے لیے ماسک پہننا ہوگا، صوبائی حکومت نے پنجاب کے سموگ سے متاثرہ اضلاع میں تمام شہریوں کے لیے چہرے کے ماسک پہننے کے لیے ایک ہفتے کے مینڈیٹ کا اعلان کیا۔ماسک کی پابندی لاہور ڈویڑن اور گوجرانوالہ ڈویڑن کے اضلاع میں نافذ العمل ہوگی۔نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ صحت کو ترجیح دینا ہماری اجتماعی ذمے داری ہے، براہ کرم ایک محفوظ کمیونٹی کے لیے رہنما خطوط پر عمل کریں۔واضح رہے کہ لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں آج بھی اور کئی دنوں سے فضائی آلودگی کی صورتحال خطرناک ہے، کئی شہروں میں سموگ کے باعث نزلہ زکام، بخار اور گلے میں انفیکشن کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔