15ارب روپے کی خطیر رقم سے احساس روزگار، احساس نوجوان، احساس ہنر اور اپنا گھر منصوبوں سے ایک لاکھ لوگوں کو روزگار اور 5 ہزار لوگوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے دینگے. مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم
15ارب روپے کی خطیر رقم سے احساس روزگار، احساس نوجوان، احساس ہنر اور اپنا گھر منصوبوں سے ایک لاکھ لوگوں کو روزگار اور 5 ہزار لوگوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے دینگے. مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم
ُپشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر 15 ارب روپے کی خطیر رقم سے احساس روزگار، احساس نوجوانان، احساس ہنر پروگرام اور احساس اپنا گھر منصوبوں کو عملی طور پر شروع کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر پہلا اجلاس مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تجویز پیش کی گئی کہ چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لیے ایک تا پانچ لاکھ روپے کے قرضے دیے جائیں گے تاکہ صوبے میں غریب عوام کو روزگار کے مواقع میسر ہو سکیں۔ اسی طرح تجویز دی گئی کہ چھوٹے گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے کے قرضے بھی دیے جائیں گے تاکہ غریب لوگوں کو چھوٹے گھروں کی تعمیر کی سہولت میسر ہوسکے۔
اجلاس میں مشیر کھیل و امور نوجوانان فخر جہاں، سیکرٹری زکواۃ و عشر، اخوت فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو افیسر ڈاکٹر کامران، ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈائریکٹر یوتھ افیئر سمیت متعدد حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر خزانہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں روزگار کو فروغ دینے اور غریب عوام کے لیے چھوٹے گھروں کی تعمیر کے لیے بجٹ میں چار مختلف منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا جن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام کو جلد از جلد ان منصوبوں کے فوائد مل سکیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایات پر اخوت فاؤنڈیشن کے ذریعے پانچ ہزار لوگوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے آ سان قرضے اور ایک لاکھ لوگوں کو روزگار کے فراہم کریں گے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو حکومت کی طرف سے ریلیف مل سکے۔