14اگست تک صوبے کے تمام سکولز بند رہیں گے ، خلاف ورزی کی صورت میں کاروائی ہوگی ۔PSRA
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) پرائیوٹ سکو لزیگولیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید ظفر علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے حکمنامہ جاری کیا تھا کہ صوبے کے تمام سکولز14 اگست2018 تک بند رہیں گے جو ادارے اس پر عمل درآمد نہیں کر رہے ہیں اُن کے خلاف پرائیوٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے رولز کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔ اُنہوں نے انکشاف کیا کہ اس سلسلے میں آج اتھارٹی کی پانچ ٹیموں نے پشاور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور تقریباً50 سے زیادہ پرائیوٹ سکولز چیک کئے تاہم ایک دو کے علاوہ تمام پرائیوٹ سکولز بند رہے۔ جوسکول کھلے تھے اُن کو بند کرکے وارننگ لیٹر جاری کیا گیا ہے جبکہ صوبے کے باقی اضلاع میں تمام ڈپٹی کمشنروں سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کیلئے درخواست کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ سکولوں کی انتظامیہ اور ٹیچنگ سٹاف اور دوسرا عملہ جو سکول کے روزمرہ کے کا م سرانجام دیتا ہے اُن پر چھٹیوں کا حکمنامہ لاگو نہیں ہو گا۔