یوٹیلیٹی اسٹورز کی نجکاری کا فیصلہ غیر منصفانہ اورغریب ملازمین کا معاشی قتل ہے..مشتاق احمد
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کی نجکاری کا فیصلہ غیر منصفانہ اور غریب ملازمین کا معاشی قتل ہے۔ حکومت یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کو مستقل کرنے کی بجائے ان سے روزگار کا حق چھین رہی ہے۔ حکومتی فیصلے سے پانچ ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوں گے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے مطالبات جائز ہیں۔جماعت اسلامی ملازمین کے دھرنے اور مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔ حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے مطالبات تسلیم کرے اور ان اسٹورز کی نجکاری کا فیصلہ واپس لے۔ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو ان ملازمین کے شانہ بشانہ حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ملک بھر میں پہلے ہی مہنگائی مہنگائی عفریت کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ روپے کی قدر گرنے سے ضرورت کی ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، غریب کی اشیائے ضروریہ کے خریدنے کی طاقت جواب دے چکی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز واحد جگہ تھی جہاں غریب عوام کو کچھ نہ کچھ ریلیف مل جاتا تھا لیکن اب حکومت نے اسے بھی پرائیویٹائز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف ضروریات زندگی ادویات، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا رہی ہے اور ہمہ گیر مہنگائی کا سیلاب لارہی ہے اور دوسری طرف عوام کو بے روزگار کررہی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے، نجکاری کے فیصلے کا مطلب ان خاندانوں کو معاشی خودکشی پر مجبور کرنا ہے۔ حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوموں کی حامی جماعت ہے۔ جہاں ظلم اور زیادتی ہوگی اور لوگوں کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے وہاں جماعت اسلامی ظلم کے خلاف مظلوم کے شانہ بشانہ ہوگی۔ جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التویٰ جمع کرائی جبکہ اس مسئلے پر سینیٹ میں بھی تحریک جمع کرائیں گے۔