یدغا ہمدرد تنظیم روئی کے زیراہتمام گرم چشمہ کے بزرگ شہریوں کےلیے ایک منفرد پروگرام کا انعقاد
یدغا ہمدرد تنظیم روئی کے زیراہتمام گرم چشمہ کے بزرگ شہریوں کےلیے ایک منفرد پروگرام کا انعقاد
گرم چشمہ ( رپورٹ فخرالدین ) یدغا ہمدرد تنظیم (YHT) نے آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول روئی گرم چشمہ کے ملٹی پرپز ہال میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام کا انعقاد کیا تاکہ بزرگ شہریوں( Senior Citizen)کی گاؤں کی ترقی، خاص طور پر تعلیم کے میدان میں خدمات کو سراہا جا سکے۔ اس پروگرام کا مقصد بزرگ شہریوں کے اہم کردار کو تسلیم کرنا اور انہیں نوجوانوں کے لیے motivation اور حوصلے کے ذریعہ کے طور پر اجاگر کرنا تھا۔ اس پروگرام میں 60 سال سے زائد عمر رسیدہ 17 مرد 21 خواتین نے شرکت کی۔ یدغا ہمدرد تنظیم (YHT)کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے مرد بزرگ شہری کو چترالی ٹوپی کیساتھ کوسا اور خواتین کو گرم شال کیساتھ کوسا پہنایا گیا۔اس کے علاوہ علاقے کی عمایدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز صبح 9 بجے تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس نے دن کے لیے ایک پراثر ماحول پیدا کیا۔ یدغا ہمدرد تنظیم (YHT) روئی کے صدر مراد خان نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کےاعراص و مقاصد بیان کیے۔ انہوں نے بزرگ شہریوں کی ناقابلِ فراموش خدمات پر روشنی ڈالی۔ جنہوں نے گاؤں کے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے اور اپنی کمیونٹی کی خدمت کرنے کے قابل بنایا ہے۔
پروگرام کے دوران تنظیم کی جانب سے بزرگ شہریوں کو چھوٹے تحائف پیش کیے گئے، جس سے ہال میں موجود شراکاسے ماحول اور جذباتی ہوگیا۔ میر ان شاہ نے ایک بصیرت افروز تقریر کی۔ جس میں انہوں نے سماج میں بزرگوں کی اہمیت، ٹیکنالوجی کی وجہ سے پیدا ہونے والے نسلوں کے مابین فرق، اور نفسیاتی و ابلاغی رکاوٹوں کے حل پر روشنی ڈالی۔
ثقافتی رنگ شامل کرنے کے لیے بزرگوں نے کھوار اور یادغا زبانوں میں اپنے موسیقی کے ہنر کا مظاہرہ کیا۔ ان پرفارمنسز نے پروگرام کو مزید رونق بخشی اور گاؤں کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے فخر اور اتحاد کا جذبہ پیدا کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی شیر محمد خان اور صدرِ مجلس محمد دین نے حاضرین کے ساتھ اپنی زندگی کے تجربات اور دانشمندانہ نصیحتیں شیئر کیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اتحاد قائم رکھیں، محنت کریں، اور زندگی کے نشیب و فراز میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں تاکہ گاؤں اجتماعی ترقی اور اتحاد کے عروج کو پہنچ سکے۔ ان کے الفاظ نے حاضرین پر گہرا اثر چھوڑا۔
پروگرام کا اختتام شفیع رحمت کی جانب سے بزرگ شہریوں کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے بزرگوں کی پروگرام میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور تنظیم کی طرف سے مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔ بزرگ شہریوں کے لیے ظہرانے اور فوٹو سیشن کا اہتمام کیا ارو اس طرح یہ پررونق پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔
یاد رہے، مدغا ہمدرد تنظیم (YHT) ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو حال ہی میں روئی گاؤں کے نوجوانوں نے قائم کی ہے، جن میں سے ممبرز فرزندان روئی کئی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ تنظیم کے 35 فعال اراکین ہیں اور یہ رجسٹریشن کے عمل میں ہے۔ اس کا بنیادی مقصد صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ہنگامی حالات کے دوران گاؤں کے لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ یدغا ہمدرد تنظیم (YHT) پہلے ہی صحت کے مسائل سے دوچار افراد کی مدد کر رہی ہے، جو کمیونٹی کی خدمت کے لیے اس کی لگن کا ثبوت ہے۔
بزرگ شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے والا یہ پروگرام یدغا ہمدرد تنظیم (YHT) کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے اور گاؤں میں احترام، اتحاد، اور ترقی کے فروغ کے لیے تنظیم کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔