ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان نے بونی اور گرم چشمہ کا دورہ کیا
چترال /گرم چشمہ/بونی (جمشید احمد/نمائندگان چترال ٹائمز ) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا اور 49واں امام ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان نے ہفتے کے دن چترال کا دورہ کیا اور گرم چشمہ کے علاوہ بونی کے مقام پر اپنے پیروکاروں سے خطاب کیا جوکہ ہزاروں کی تعداد میں وہاں پر جمع ہوگئے تھے۔ چترال ائر پورٹ پر ایم این اے شہزادہ افتخا رالدین ، ضلع ناظم مغفرت شاہ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام اور کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل معین الدین نے ان کا استقبال کیا جبکہ بونی کے مقام پر ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر نے ان کو خوش آمدید کہا۔دونوں مقامات پر اپنے پیروکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اورامن وامان کو علاقے کی ترقی کے لئے ناگزیر قرار دیا اور کہاکہ اسلام امن ومحبت کا دین ہے اور ہمیں اسے دوسروں تمام چیزوں مقدم رکھنا چاہئے ۔ ہزہائی نس آغاخان کے دیدار عام کے لئے گرم چشمہ کے مقام پر 60ہزار اور بونی کے مقام پر 80ہزار افراد کی گنجائش کے لئے خصوصی طور پر دیدار گاہ تعمیر کئے گئے تھے ۔ درین اثناء چترال میں خراب موسم کے باعث ہزہائی نس کا خصوصی سی 130طیارہ چترال نہ آسکا جس کی وجہ سے ان کی آمد میں تین گھنٹے کی تاخیر ہوئی جب آغاخان فاونڈیشن کے ہیلی کاپٹروں نے انہیں اسلام آباد سے چترال پہنچادیا۔ بعدازاں ہزہائی نس نے چترال میں رات قیام کیا ۔