ہائیر ایجوکیشن کمیشن کوالٹی ایشورینس ڈویڑن نے جامعہ قراقرم کوشعبہ سوشیالوجی میں ایم ایس کی کلاسیں شروع کرنے کی منظوری دیدی
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کوالٹی ایشورینس ڈویڑن نے جامعہ قراقرم کوشعبہ سوشیالوجی میں ایم ایس کی کلاسیں شروع کرنے کی منظوری دیدی
گلگت(چترال ٹائمزرپورٹ)ہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کوالٹی ایشورنس ڈویڑن نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی کو ایم ایس کی کلاسیں شروع کرنے کی منظور ی دے دیتے ہوئے باقاعدہ این او سی جاری کردیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق وائس چانسلر جامعہ قراقرم کی کوششوں کی بدولت سوشیالوجی میں ایم ایس پروگرام شروع کروانے کی منظوری سے گلگت بلتستان کے طلباء کو گھر کی دہلیز پرشعبہ سوشیالوجی میں ایم ایس کرنے کا موقع میسر آنے اور ملک کے دوسرے حصوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے جانے کی زحمت سے بچ جائیں گے۔
یاد رہے کہ قراقرم گریجویٹ سکول کا قیام وائس چانسلر کے آئی یوپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی وڑن کے مطابق 2019میں شروع کیاگیاتھا۔جس کا بنیادی مقصد گلگت بلتستان کے طلبا میں جدید تعلیم و تحقیق سے متعلق مہارتیں پیدا کرنا ہے۔اس وقت جامعہ آٹھ پی ایچ ڈی اور سولہ ایم ایس پروگرام آفر کررہی ہے۔جس میں کم وبیش ایک ہزار طلباء اعلیٰ تعلیم وتحقیق حاصل کررہے ہیں۔وائس چانسلر کے آئی یو پرفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے این او سی ملنے پر شعبہ سوشیالوجی بلخصوص ہیڈ ڈاکٹرجعفر امان اور ان کی ٹیم،کے آئی یو کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی پوری ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کیاکہ انہوں نے وائس چانسلر کی وڑن کے مطابق کام کیااور ایم ایس پروگرام کو شروع کرانے میں کردار ادا کیا۔ وائس چانسلر نے گریجویٹ سکول کی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاکہ جی بی میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی مینجمنٹ،فیکلٹی اور اسٹاف سے مل کر بہترین خدمات فراہم کریں گے۔اس ضمن میں وائس چانسلر نے جی بی کے تمام سٹیک ہولڈرز سے اس سفر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔
وائس چانسلر نے وزیر اعلیٰ جی بی حاجی گلبر خان، گورنر جی بی سید مہدی شاہ،چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا،فور س کمانڈر جی بی سمیت دیگر تمام زمہ داران کا شکریہ ادا کیا کہ جامعہ میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔امید ہے کہ ان کی مزید تعاون سے جامعہ اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے حوالے سے اپنے تما م اہداف حاصل کرے گی۔
واضح رہے کہ اس وقت جامعہ قراقرم سے اب تک بیس ہزار طلباء تعلیم حاصل کرکے فارغ التحصیل ہوچکے ہیں اور دس ہزار طلباء زیر تعلیم ہیں۔جن میں بڑی تعداد خواتین پر مشتمل ہے۔جا معہ قراقرم نے خطے میں خواتین کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بہترین کردار ادا کیاہے۔اس موقع پر شعبہ سوشیالوجی کے ہیڈ ڈاکٹر جعفر امان نے ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ایم ایس شروع کرانے کی منظوری دینے پر کمیشن کے حکام بلخصوص یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت دیگر زمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ کہ شعبہ پہلے ہی بی ایس پروگرام چلارہی ہے اور وائس چانسلر کی سرپرستی اور تعاون سے ایم ایس پروگرام شروع کرانے کی منظوری ملنا شعبے میں معیار تعلیم کی بلندی اور بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔ شعبہ سوشیالوجی کی ٹیم کمیشن کے مروجہ قواعدوضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے ایم ایس میں داخل ہونے والے طلباء کو بہترین تعلیم وتحقیق کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔