Chitral Times

Oct 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ہاؤسنگ سوسائٹیزکواین او سی دینے کیلئے آسان طریقہ کار وضع کررہے ہیں۔وزیربلدیات

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌ خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات،الیکشنز ودیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے ہاؤسنگ سوسائٹیز کواین او سی جاری کرنے کے لئے محکمے کو3 ماہ کے اندر اندر آسان اور بہترین طریقہ کار وضح کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس مقصد کے لئے تمام محکموں کو ایک صفحہ پر لایا جائے گا جس سے ایک محکمہ کی وجہ سے دوسرے محکمے کا کا م متاثر نہیں ہوگااورتمام محکمہ جات مقررہ وقت کے اندر اہداف حاصل کرنے کے پابند ہوگے ۔ انہوں نے کہاکہ ہاؤسنگ کے شعبہ میں بہتری آنے سے صوبے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کی جمع پونجی بھی محفوظ رہ سکے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی اے اور نیب خیبر پختونخواکے مشترکہ تعاون سے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں بدعنوانی اور دھوکا دہی کے عنوان سے منعقدہ ایک روزہ آگاہی سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں سیکرٹری بلدیات ظاہر شاہ،ڈی جی نیب خیبر پختونخوا فرمان اللہ ،ڈی جی پی ڈی اے اسرارالحق ، جی ایم سوئی گیس،سرکاری اداروں کے حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔نیب افسران نے سیمینار کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کے فرانزک آڈٹ کی رپورٹ کے مطابق 295 غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کام کر رہی ہے ہیں جنھیں قانون کے دائرے میں لانے کی ضرورت ہے۔وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری اہلکاروں خصوصاََ ٹی ایم ایز کے کردار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جب کوئی غیرقانونی کام ہورہا ہوتا ہے تو اس سے چشم پوشی کی جاتی ہے جبکہ کام مکمل ہونے کے بعد ایکشن لے لیا جاتا ہے جوکہ قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات فراہم کرکے انہیں مزید سرمایہ کاری کی جانب راغب کریں گے۔ قوانین پہلے سے موجودہوتے ہیں مسئلہ صرف ان پر عمل درآمد کا ہے۔شہرام خان ترکئی نے سائٹ ڈویلپمنٹ رولز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ بلدیات میں ریفارمز لاکر نئے کیڈرز متعارف کرائے جائیں جن میں آرکیٹکٹ اور ڈویلپرز شامل ہوں ۔انہوں نے نظام میں بہتری کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلنے اور قوانین پر سختی سے عمل کرنے کے عزم کا اظہار کیااور ہاؤسنگ سوسائٹیزکا معیار برقرار رکھنے کے لئے نئے قوانین کے مطابق این او سی جاری کرنے کا عندیہ دیا۔سیمینار سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، ڈی جی نیب خیبر پختونخوا ،ڈی جی پی ڈی اے ودیگر نے بھی خطاب کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
16977