گولین گول میں گلیشیرپھٹنے سے نشیبی علاقے زیرآب ، مکانات ،باغات اورسڑکوں کونقصان پہنچا،
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترا ل کے سیاحتی مقام گولین کے مقام راغیل گول میں گلیشئر پھٹنے سے سیلاب آیا ہے ۔ جس کے نتیجے میں گولین گول نالہ کے نشیبی علاقے زیر آب اگئے ہیں ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد رہائشی مکانات اوردکانوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ کھڑی فصلوں ، باغات بھی زیر آب اگئے ہیں ۔ گولین روڈ اور بجلی کے کئی کھمبے بھی زمین بوس ہوگئے ہیں ۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ، گولین کے مکین محفوظ مقامات کی طرف جارہے ہیں ۔ علاقے کے سماجی کارکن اور ایک غیرسرکاری ادارے کے چیئرمین سفیر آحمد نے چترال ٹائمزڈاٹ کام کو بتایا کہ اتوار کی شام راغیل گول گلیشئر پھٹنے کی وجہ سے اچانک سیلاب آیا جس سے اژغور گولین، بوبکا، چشمہ اوراژغورکے رہائشی اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوگئے ہیں ۔ جبکہ سیلاب آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ علاقے کے رہائشی اکبر قادر، سرورقادر اور سردارقادر وغیر ہ کے مکانات کو مکمل یا جذوی نقصان پہنچا ہے ۔ اور نالہ کے ساتھ واقع مدرسہ کو بھی خطر ہ لاحق ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ لوکل بجلی گھر کے متعدد کھمبے بھی ملبے تلے دب گئے اور ساتھ گولین گول روڈ بھی متعدد مقامات پر ملبہ گرنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہے ۔ تاہم گولین گول 108میگاواٹ بجلی گھر کو فلحال کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔ مگر بجلی گھر کاپانی بند کردیا گیا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر چترال متعلقہ حکام اور ریسکیو 1122کے اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچ گیا ہے ۔ اور ریسکیو کا کام جاری ہے ۔ 2015 کے بعد گلئشیر کے پھٹنے کا یہ پہلا واقعہ ہے .