گولین بجلی گھر سے پرواک تک بجلی کی سپلائی بحال ہوگئی ، علاقے کے عوام کا ایم این اے و دیگر حکام کا شکریہ
مستوج ( چترال ٹائمز رپورٹ ) 15جولائی 2015کے بعد پہلی مرتبہ پرواک و ملحقہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ جس سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بجلی پہنچنے سے پورا علاقہ جگمگا اُٹھا ہے ۔ اور 24گھنٹے مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی ہوگئی ہے۔ پرواک ویلج کونسل کے عوام نے ایک ناممکن کام کو ممکن بنانے پر ایم این اے چترال شہزادہ افتخار الدین کی کوششوں کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ علاقے کے عمائدین صوبیدار سید حسین شاہ، فرمان قبول، فیض رحمت ، عطا الہیٰ ، رسول مدد، سلطان وزیر ، محمد ظاہر، امتیاز احمد ، اسد نبی ، شیر ہزار اور وی سی پرواک کے جنرل کونسلر سماجی کارکن عیسیٰ علی نے ایم این اے کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ان کی سربراہی میں آربوں روپے کے پراجیکٹ زیر تعمیر ہیں، انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح کام کرتے رہیں گے۔ یادرہے کہ مستوج پرواک و دیگر علاقوں کے عوام نے ٹرانسمیشن لائن کی دوبارہ بحالی میں رضاکارانہ طور پر بڑھ چڑھ حصہ لیا اور بہت ہی مختصر عرصے میں بجلی کی فراہمی کو یقین بنایا۔
دریں اثنا نائب ناظم پرواک عید علی نے چترال ٹائمز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے اپر چترال کو بجلی کی فراہمی ممکن بنانے پر شہزادہ افتخار الدین کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ایم پی اے سردار حسین ، ڈسٹرکٹ ناظم حاجی مغفرت شاہ ، تحصیل ناظم مولانا یوسف، ایم پی اے سلیم خان، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پیسکو ، واپڈا اور محکمہ پیڈو کے اعلیٰ حکام کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے دن رات ایک کرکے علاقے کو تاریکی سے نکالا ہے ۔