گورنمنٹ سینٹنل ماڈل سکول چترال کے پرنسپل کا تبادلہ، پی ٹی سی چیئرمین اور طلباء کی طرف سے ٹرانسفر آرڈر فی الفور منسوخ کرنے کا مطالبہ
گورنمنٹ سینٹنل ماڈل سکول چترال کے پرنسپل کا تبادلہ، پی ٹی سی چیئرمین اور طلباء کی طرف سے ٹرانسفر آرڈر فی الفور منسوخ کرنے کا مطالبہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) گورنمنٹ سینٹینل ماڈل سکول چترال کے پیرنٹ ٹیچر کونسل (پی ٹی سی) کے چیرمین رفیع اللہ نے پرنسپل فضل سبحان کو ٹینور پورا ہونے سے پہلے سکول سے تبادلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس ٹرانسفر آرڈر کو فی الفور منسوخ کیا جائے جس کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے جبکہ یہ بات روز روشن کی طرح حقیقت ہے کہ موجود ہ پرنسپل نے سکول میں انقلابی تبدیلیاں لائی تھی۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ والدین کو محکمہ تعلیم کا یہ فیصلہ بالکل قبول نہیں ہے کیونکہ موجودہ پرنسپل کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے سکول پر والدین کا اعتماد بڑھ گیا تھا اور لوگ اب پبلک سکولوں سے اپنے بچوں کو جوق درجوق اس سکول میں داخل کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اس نازک وقت میں سکول کے پرنسپل کو ٹرانسفر کرنا طلباء کے ساتھ دشمنی سے کم نہیں ہے کیونکہ نیا اکیڈیمک سال کے شروع میں سکول کو بغیر کسی پرنسپل کے چھوڑ دینا کوئی دانشمندی نہیں ہے کیونکہ فضل سبحا ن دروش کے ریجنل پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سنٹر (آرپی ڈی سی) تبدیل کرنے کے بعد یہاں اسامی کو خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دروش کے آر پی ڈی سی کی بجائے ٹیچنک کیڈر کی اس فعال افسر کی ذیادہ ضرورت سکول میں ہے لیکن زمینی حقائق دیکھے بغیر تبادلے آرڈر جاری کئے گئے۔
دریں اثنا سینٹیل سکول کے طلباء نے گزشتہ روز چترال پریس کلب کے سامنے اجتجاجی مظاہرہ کیا اور پرنپسل کے تبالے کی فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ طالب علم رہنماؤں کا کہنا تھاکہ ڈیڑھ سال قبل فضل سبحان نے سکول کا چارج لے کر سکول کی حالت بدل دی تھی اور والدین پرائیویٹ سکولوں سے اپنے بچوں کو اٹھا کر یہاں داخل کررہے تھے۔ا نہوں نے پرنسپل کے بے وقت تبادلے کو سکول کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ فیصلہ سکول کے طلباء کے ساتھ کھلی دشمنی ہے جبکہ پرنسپل کے تبادلے کی خبر سے سکول کے طالب علموں میں مایوسی اور غم پھیل گئی ہے جوان کی زندگیوں کو سنوارنے کا کام شروع کیا تھاجبکہ اپنی جیب سے نادار اور غریب بچوں کی کفالت بھی کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سکول کے تمام طلباء پرنسپل کے تبادلے کی منسوخی کا مطالبہ کررہے ہیں۔