
گورنر حاجی غلام علی کی خصوصی دعوت پر یتیم بچیوں کا دورہ گورنرہاوس
گورنر حاجی غلام علی کی خصوصی دعوت پر یتیم بچیوں کا دورہ گورنرہاوس
گورنرکا ماڈل انسٹی ٹیوٹ برائے اسٹیٹ چلڈرن کی یتیم بچیوں سے گورنر ہاؤس میں ملاقات، شفقت کا اظہار کیا، بچیوں میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں
یتیموں اور بے سہارا بچوں کا سہارا بننا عین انسانیت ہے،بے سہارا بچوں کی کفالت کرنا بہت بڑی نیکی ہے، گورنر حاجی غلام علی
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی خصوصی دعوت پرزمونگ کورماڈل انسٹیٹیوٹ آف سٹیٹ چلڈرن متھراپشاور میں زیرتعلیم یتیم اور بے سہارا بچیوں نے منگل کے روزگورنر ہاؤس کا دورہ کیا۔ ادارے کی پرنسپل ناہید بلال، زمونگ کور کے ڈپٹی ڈائریکٹرمیاں ضیاء اللہ اور دیگراساتذہ بھی بچیوں کے ہمراہ تھیں۔یتیم اور بے سہار ا بچیوں نے گورنرہاؤس کے سبزہ زار، شاہی باغ،ملتانی باغ اور فیزنٹری سمیت دیگرمقامات کادورہ کیااورمکمل سیروتفریح کی۔گورنرہاوس کا دورہ کرنیوالے بچیوں کے چہروں پر خوشی ومسرت کے تاثرات قابل دیدتھے۔بعدازاں گورنرہاوس کا دورہ کرنے والے بے سہارا بچیوں نے گورنر حاجی غلام علی سے ملاقات بھی کی۔گورنر نے ماڈل انسٹی ٹیوٹ برائے اسٹیٹ چلڈرن کی 50یتیم بچیوں سے گورنر ہاؤس میں شفقت کا اظہار کیا، بچیوں میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔بچیوں نے اس موقع پر گورنرکے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
گورنرکو بتایاگیاکہ متھرا میں قائم انسٹیٹیوٹ میں تقریباً120 بچیاں پڑھ رہی ہے۔گورنر کو بتایاگیاکہ صوبے کے چاراضلاع پشاور، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور سوات میں ماڈل انسٹیٹیوٹ قائم ہیں جن میں ایک ہزار سے زائد یتیم اور بے سہارا بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس موقع پر گورنر نے کہاکہ یتیموں اور بے سہارا بچوں کا سہارا بننا عین انسانیت ہے۔ معاشرے کے بے آسرا یتیم بچوں کی کفالت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جو لوگ بے سہاروں کا سہارا بنتے ہیں اللہ تعالیٰ اْن کے لئے سہارا بنتاہے۔انہوں نے ادارے کے منتظمین اور اساتذہ کو کہاکہ بے سہارا بچوں کی خدمت عبادت ہیں،یتیم بچوں سے محبت و شفقت اور انہیں خوش رکھنا قابل ستائش کام اور بہترین عمل ہے۔مقصد نیک ہو تو اللہ آسانیاں پیدا کرتا ہے۔یتیم و بے آسرا بچوں کی کفالت کیلئے قائم ادارے اپنی خدمات کو عبادت سمجھ کر ادا کریں۔یتیم و بے آسرا بچوں کی اچھی پرورش و تربیت کا صلہ اللہ کے ہاں بہت بڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ انہیں خصوصی، یتیم اور بے سہارا بچوں کے ساتھ وقت گزارنااور ان کی اپنے ہاتھوں سے خدمت سے دلی سکون ملتاہے۔بے سہارا بچوں کی کفالت کرنا بہت بڑی نیکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ معاشرے میں یتیم اور بے سہارا بچے کے وہی حقوق ہیں جو دوسرے بچوں کے ہیں،یتیم، بے سہارا اور نظر انداز بچوں کی کفالت اور اْنہیں مثالی تعلیم و تربیت سے آراستہ کر کے ملک کا کار آمد شہری بنانا معاشرے اور ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔گورنرنے کہاکہ ریاست تمام شہریوں کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہے اس لیے ریاست کے اندر بسنے والے یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے ساتھ ساتھ صاحب حیثیت شہریوں اور سماجی اداروں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے کمزور اور بے سہارا طبقات کی بہبود اورترقی کے لیے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔گورنرنے کہاکہ حکومت یتیم اور بے سہارا بچوں کو تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ وہ معاشرے کے دوسرے بچوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی اور معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔
علاوہ ازیں گورنر سے سابق وزیرحامدخان کی سربراہی میں بنوں 10 رکنی وفد اور تحصیل چیئرمین بڈھ بیر طلاء محمدکی سربراہی میں منتخب بلدیاتی نمائندوں پر مشتمل 15 رکنی وفد نے بھی گورنرہاس میں الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقات میں متعلقہ علاقوں کے عوام کو درپیش مشکلات سمیت مختلف امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ گورنرنے وفود کواپنی جانب مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔